گلگت دیامر بھاشا ڈیم پروجیکٹ ملک کی تعمیر و خوشحالی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان
گلگت دیامر بھاشا ڈیم پروجیکٹ ملک کی تعمیر و خوشحالی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان
رپورٹ، عابد شگری 5 سی این نیوز
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے صوبے اور وفاق کے مابین دیامر بھاشا ڈیم کے واٹر یوزر چارجز اوررائلٹی (نیٹ ہائیڈل پروفٹ)کے تعین کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ دیامر بھاشا ڈیم پروجیکٹ ملک کی تعمیر و خوشحالی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔ گلگت بلتستان خصوصاً دیامر کے عوام نے اس منصوبے کی تعمیر کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ دیامر کی 37 ہزار ایکڑ زمین اس منصوبے کی زد میں آئے گی۔ دیامر بھاشا ڈیم کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، حکومت گلگت بلتستان کی خواہش ہے کہ اس اہم منصوبے کی جلد تکمیل کو یقینی بنایاجائے جس کیلئے درپیش مسائل اور تحفظات کا بروقت حل ہونا لازمی ہے۔ 2017 میں وفاقی سطح پر ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے مینڈیٹ میں کوہستان اور گلگت بلتستان کے مابین حدود کا تعین اور رائلٹی (نیٹ ہائیڈل پروفٹ)طے کرنا تھا لیکن اس کمیٹی کا فوکس حدود کا تعین رہا۔ حکومت گلگت بلتستان کی خواہش ہے کہ وفاقی حکومت اور گلگت بلتستان کے مابین رائلٹی (نیٹ ہائیڈل پروفٹ)اور واٹر یوزر چارجز کا تعین جلد ہو تاکہ کسی قسم کے تحفظات کی وجہ سے یہ اہم منصوبہ متاثر نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے اس موقع پر صوبائی وزیر برقیات مشتاق احمد، صوبائی وزیر قانون سہیل عباس، صوبائی وزیر زراعت انجینئر انور، سیکریٹری قانون اور سیکریٹری برقیات پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دی جو 10دنوں میں آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کا دورہ کرکے رائلٹی (نیٹ ہائیڈل پروفٹ)اور واٹر یوزر چارجز کے تعین کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کرے گی ان سفارشات کی روشنی میں حکومت گلگت بلتستان وفاقی حکومت سے دیامر بھاشا ڈیم پروجیکٹ کے حوالے سے وفاق اور گلگت بلتستان کے مابین رائلٹی (نیٹ ہائیڈل پروفٹ)اور واٹر یوزر چارجز تعین کرنے کیلئے رابطہ کرے گی۔اجلاس میں صوبائی وزیر قانون سہیل عباس، صوبائی وزیر زراعت انجینئر انور، چیئرمین گلگت بلتستان انوسٹمنٹ بورڈ فتح اللہ خان، صوبائی وزیر داخلہ شمس لون اور معاون خصوصی مولانا سرور شاہ موجود تھے۔ گلگت سے ویڈیو لنک کے ذریعے صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حاجی رحمت خالق، صوبائی وزیر جنگلات حاجی شاہ بیگ، سیکریٹری برقیات، سیکریٹری قانون اور ڈپٹی کمشنر دیامر نے شرکت کی۔
Urdu news, Gilgit Diamer Bhasha Dam Project is a very important project for the development and prosperity of the country