گلگت بلتستان ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (GB-DDWP) کا رواں مالی سال کا دوسرا اجلاس ، 125 اہم منصوبوں کی منظوری
گلگت بلتستان ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (GB-DDWP) کا رواں مالی سال کا دوسرا اجلاس ، اجلاس میں مجموعی طوع پر 140 ترقیاتی منصوبوں پر غوروخوص کیا گیا اور 8 ارب 24 کروڑ 7 لاکھ مالیت کے 125 اہم منصوبوں کی منظوری دیدی گئی۔
گلگت بلتستان ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (GB-DDWP) کا رواں مالی سال کا دوسرا اجلاس 24 تا 25 ستمبر 2024 کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ کیپٹن (ر) مشتاق احمد کی زیر سربراہی منعقد ہوا۔ اجلاس میں مجموعی طوع پر 140 ترقیاتی منصوبوں پر غوروخوص کیا گیا اور 8 ارب 24 کروڑ 7 لاکھ مالیت کے 125 اہم منصوبوں کی منظوری دیدی گئی۔
اجلاس میں منظور کئے گئے اہم منصوبوں میں گلگت بلتستان میں موٹر وہیکل رجسٹریشن اور ٹیکسیشن مینجمنٹ سسٹم کے قیام سمیت گاڑیوں کے معائنے اور سرٹیفیکیشن کے منصوبے شامل ہیں۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ان منصوبوں کے قیام سے مقامی سطح پر حادثات کی روک تھام کیلئے تمام گاڑیوں کی فٹنس، مرمت اور سرٹیفیکیشن کو یقینی بنایا جائیگا اور اس حوالے سے قانون پر سختی سے عملدرآمد کیلئے مرطوط نظام وضع کیا جائیگا۔
اجلاس میں محکمہ تعلیم کے 41 اہم منصوبوں کی منظوری دیدی گئی جن میں اسکولوں میں ایس پی ایس اساتذہ کی تعیناتی عمل میں لانے، سکولوں کی تعمیر اور اپ گریڈیشن سمیت انفراسٹرکچر بہتر بنانے اور ناپید سہولیات بہم پہنچانے سمیت خصوصی بچوں کیلئے سکل ڈویلپمنٹ سنٹر کے قیام اور تعلیم سے محروم بچوں کی شرح داخلے میں اضافہ کیلئے مربوط اقدامات بروئے کار لانے کے منصوبے شامل ہیں۔
اجلاس میں محکمہ صحت کے منظور کئے گئے اہم منصوبوں میں گلگت بلتستان میں آٹزم انسٹی ٹیوٹ کے قیام، گلگت بلتستان بھر میں ہسپتالوں کی تعمیر، ڈسپنسریوں کی اپ گریڈیشن اور ناپید سہولیات کی فراہمی، ڈاکٹرز اور دیگر الائیڈ سٹاف کی فراہمی، پی ایچ کیو ہسپتال اور آر ایچ کیو ہسپتال میں صحت کے نظام کی ڈیجیٹلائزیشن اور آٹومیشن سمیت ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں سی ٹی اسکین مشین تنصیب کرنے کے منصوبے شامل ہیں
اجلاس میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے 85 کروڑ 42 لاکھ مالیت کے سڑکوں کی میٹلنگ اور پلوں کی تعمیر کے 14 اہم منصوبوں کی بھی منظوری دیدی گئی۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے تمام محکموں کے ذمہ داروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پروجیکٹ کے PC-I کی تیاری سے قبل مناسب مقامات کا تعین کریں تاکہ عوامی نوعیت کے منصوبے تاخیر کا شکار نہ ہوں اور بروقت تکمیل کیلئے موثر اقدامات بروئے کار لائے جاسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نظرثانی شدہ پروجیکٹس میں اضافی کام پر ADP لاگت سے زیادہ لاگت پر غور نہیں کیا جائے گا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات نے مزید کہا کہ تمام محکمے ترقیاتی منصوبوں کی معیاری اور بروقت تکمیل کیلئے ٹائم لائیز پر سختی سے عملدر آمد یقینی بنائیں urdu news