نگراں کابینہ میں وزارتوں کی تقسیم سب ڈویژنز کی بنیاد پر برابر اور منصفانہ انداز میں کی گئی ہے نگران وزیراعلی گلگت بلتستان
رپورٹ 5 سی این نیوز
نگراں وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان نے میڈیا کو دیےگئے اپنےایک انٹرویو میں یہ مؤقف اختیار کیا ہے نگراں کابینہ میں وزارتوں کی تقسیم سب ڈویژنز کی بنیاد پر برابر اور منصفانہ انداز میں کی گئی ہے
ہم ضلع نگر کے عوام آنریبل نگراں وزیرِ اعلیٰ سے یہ بنیادی سوال پوچھنے پر مجبور ہیں کہ کیا واقعی سب ڈویژنز کے درمیان وزارتوں کی تقسیم انصاف کے تقاضوں کے مطابق کی گئی ہے؟
اگر سب ڈویژن کی بنیاد پر تقسیم کو ہی معیار مانا جائے تو پھر یہ حقیقت کیسے نظرانداز کی جا سکتی ہے کہ سب ڈویژن دیامر کو پانچ وزارتیں دی گئیں جبکہ وزیرِ اعلیٰ کا تعلق بھی اسی ڈویژن سے ہے اس کے برعکس ضلع نگر جو تاریخی طور پر ایک مکمل اسٹیٹ رہا ہے جہاں سے دو منتخب اسمبلی ممبران آتے ہیں اسے نگراں کابینہ میں مکمل طور پر نظرانداز کر دیا گیاہے
یہ طرزِ عمل کئی سنجیدہ سوالات کو جنم دیتا ہے
کیا ضلع نگر میں ایک بھی باشعور اہل اور صاحبِ فہم شخص موجود نہیں تھا جو نگراں کابینہ کا حصہ بن سکتا ہو؟
کیا نگر کے عوام اس قابل نہیں کہ انہیں عبوری سیٹ اپ میں نمائندگی دی جائے؟
اہم سوال یہ بھی ہے کہ اگر کسی ضلع کو دانستہ یا نادانستہ طور پر نظرانداز کیا جائے تو کیا آنے والےجنرل الیکشن کو شفاف اور غیرجانبدار تصور کیا جا سکتا ہے؟ نمائندگی سے محرومی عوام کے اعتماد کو مجروح کرتی ہے اور یہی اعتماد شفاف انتخابات کی بنیاد ہوتا ہے
ہم ضلع نگر کے عوام آنریبل نگراں وزیرِ اعلیٰ اور پوری نگراں کابینہ سے پُرزور اپیل کرتے ہیں کہ نگراں کابینہ میں ضلع نگر کو ہر صورت مناسب نمائندگی دی جائے، تاکہ
آنے والے انتخابات پر اٹھنے والے شکوک و شبہات کا ازالہ ہو سکے
نگر سمیت دیگر ضلعوں کے عوام کے تحفظات دور ہو سکیں
اور عبوری حکومت واقعی غیرجانبدار اور انصاف کی علامت بن سکے
اس وقت ضلع نگر میں نگراں کابینہ کی تشکیل کےحوالے سے عوام میں شدید غم و غصہ اور بے چینی پائی جاتی ہے بروقت اور منصفانہ فیصلہ ہی اس اضطراب کو کم کر سکتا ہے اور عوام کے اعتماد کو بحال کر سکتا ہے
Urdu news update, Gilgit baltistan news
0



