سپریم کورٹ: عادل بازئی کی ڈی سیٹ ہونے کا فیصلہ معطل، رکنیت بحال
سپریم کورٹ: عادل بازئی کی ڈی سیٹ ہونے کا فیصلہ معطل، رکنیت بحال
رپورٹ، 5 سی این نیوز
اسلام آباد: سپریم کورٹ کے تین رکنی ریگولر بنچ نے الیکشن کمیشن کے 21 نومبر کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے عادل بازئی کی بطور رکن قومی اسمبلی حیثیت بحال کر دی۔
جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں جسٹس عقیل عباسی اور جسٹس عائشہ ملک پر مشتمل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران عادل بازئی کے وکیل تیمور اسلم نے مخصوص نشستوں کے حوالے سے سابقہ عدالتی فیصلے کا ذکر کیا۔
جسٹس منصور علی شاہ نے تیمور اسلم سے مکالمہ کرتے ہوئے مسکراتے ہوئے کہا، “کیا آپ واقعی مخصوص نشستوں کے فیصلے پر انحصار کرنا چاہتے ہیں؟” جسٹس عقیل عباسی نے ریمارکس دیئے کہ “اب تو کہا جا رہا ہے کہ ترمیم بھی آ چکی ہے۔”
جسٹس عائشہ ملک نے سوال کیا کہ “کیا مخصوص نشستوں کا فیصلہ اس کیس میں قابل عمل ہے؟ کیا عادل بازئی مخصوص نشستوں کی فہرست کا حصہ تھے؟”
عدالت نے سماعت کے دوران کہا کہ الیکشن کمیشن کا کام ڈیکلریشن دینا نہیں بلکہ امیدوار کا تعلق کس جماعت سے ہے، اس کا تعین سول کورٹ کے دائرہ کار میں آتا ہے۔
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے اور کیس کی مزید سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ URDU NEWS
لاہور: وزیراعظم شہباز شریف کی نواز شریف سے اہم ملاقات، سیاسی معاملات پر مشاورت