طالبان حکومت کے تین سال مکمل، کابل میں فوجی پریڈ کے ساتھ طاقت کا مظاہرہ
افغان طالبان کے اقتدار میں آنے کے تین سال مکمل ہونے پر کابل میں ایک بڑے فوجی پریڈ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقامی طور پر تیار کردہ بموں، فائٹر ایئرکرافٹ، اور سوویت دور کے ٹینکوں سمیت مختلف فوجی سازوسامان کی نمائش کی گئی۔ بگرام میں موجود سابق امریکی ایئر بیس سے حاصل کی گئی آرٹلری اور امریکی ساختہ فوجی گاڑیاں بھی اس پریڈ کا حصہ تھیں، جس میں طالبان کے حکام سفید جھنڈے کے ساتھ موجود تھے۔اس تقریب میں چینی اور ایرانی سفارتکاروں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ افغان طالبان نے 15 اگست 2021 کو کابل کا کنٹرول سنبھالا تھا، جس کے بعد اشرف غنی کی امریکی حمایت یافتہ حکومت کا خاتمہ ہوا تھا۔
وزیر اعظم محمد حسن اخوند کی جانب سے بگرام میں طے شدہ پروگرام میں شرکت متوقع تھی، لیکن ان کا بیان تقریب میں چیف آف سٹاف نے پڑھ کر سنایا۔ بیان میں طالبان حکومت کی مغربی ممالک کے خلاف فتح کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور اسلامی قوانین پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی گئی۔
تقریب کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، اور ہیلی کاپٹرز کے ذریعے نگرانی بھی کی گئی۔ تاہم، طالبان حکومت کے تین سال مکمل ہونے کے باوجود خواتین پر عوامی مقامات، نوکریوں، اور تعلیمی اداروں میں جانے پر پابندی بدستور عائد ہے، جس پر ہیومن رائٹس واچ سمیت مختلف تنظیموں کی جانب سے تنقید اور دباؤ ڈالا جا رہا ہے
urdu news