یونیورسٹی آف بلتستان سکردو میں جشن آزادی پاکستان کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی
یونیورسٹی آف بلتستان سکردو میں جشن آزادی پاکستان کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی
یونیورسٹی آف بلتستان سکردو میں جشن آزادی پاکستان کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلتستان سکردو پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر رجسٹرار یونیورسٹی آف بلتستان سکردو وسیم اللہ جان ملک، ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر حاجی کریم خان، ڈائریکٹر ترقی و منصوبہ بندی ڈاکٹر ذاکر حسین، انتظامی افسران، مختلف شعبہ جات کے صدور، فیکلٹی اور طلبہ بھی موجود تھے۔
پرچم کشائی کے بعد ایک مختصر تقریب بھی منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلتستان پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے کہا کہ “پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لیے وجود میں آیا ہے اور اس کا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ نوجوان ہمارا عظیم سرمایہ ہیں، جو اس ملک کا اصل اثاثہ ہیں۔ جس قوم کے نوجوانوں میں حب الوطنی اور وطن پرستی کے جذبات ہوں، اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ ہمارے نوجوان ملک سے بے لوث محبت کرتے ہیں نوجوانوں سے گزارش ہے کہ وہ ملکی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “گلگت بلتستان کے عوام محب وطن ہیں اور انہوں نے ہمیشہ وطن عزیز کی سلامتی اور دفاع کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ موجودہ حالات میں اتحاد و اتفاق وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ قوموں کی بقا اتحاد و اتفاق میں ہے۔ ہم مسلح افواج کے ساتھ دلی جذبے کے ساتھ کھڑے ہیں اور ملکی دفاع کے لیے پاک فوج نے ہمیشہ لازوال قربانیاں دی ہیں۔”
ڈائریکٹر ترقی و منصوبہ بندی ڈاکٹر ذاکر حسین نے اس موقع پر کہا کہ “ہمیں اپنی آزادی کی قدر کرنی چاہیے کیونکہ آزادی کے حصول کے لیے ہمارے اسلاف نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ آج ہمارا دشمن ہمارے تشخص کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے، لیکن ہم دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی طاقت رکھتے ہیں۔ ففتھ جنریشن وار کے ذریعے نوجوانوں کے اذہان کو آلودہ کیا جا رہا ہے، اس لیے نوجوانوں کو دشمن کے عزائم کو سمجھنا چاہیے اور حب الوطنی کے ساتھ ان کا مقابلہ کرنا چاہیے۔”
تقریب کے دوران طلبہ نے ملی نغمے گائے اور “پاک فوج زندہ باد” اور “پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ urdu news