شگر میں بجلی کی فراہمی کا نظام بظاہر فعال نظر آتا ہے، لیکن اصل مسئلہ کم وولٹیج کا ہے
رپورٹ ۔ زمان اخونزادہ شگری 5 سی این نیوز
شگر میں بجلی کی فراہمی کا نظام بظاہر فعال نظر آتا ہے، لیکن اصل مسئلہ کم وولٹیج کا ہے
، جس نے غریب عوام کو شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ اگرچہ علاقے میں بجلی موجود ہے، لیکن اتنی کم وولٹیج آتی ہے کہ گھریلو آلات چلنا تو دور، موبائل فون چارج کرنا بھی ممکن نہیں رہا۔
مقامی عوامی حلقوں نے شکوہ کیا ہے کہ شہر کے بڑے ہوٹلز، سرکاری دفاتر اور خاص طبقات کو بجلی وولٹیج صحیح فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ عام اور غریب عوام کے گھروں میں وولٹیج اتنا کم ہے کہ بلب کی روشنی مدھم،اور ضروری آلات ناکارہ ہو چکے ہیں۔ اس امتیازی سلوک پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
مزید برآں، یہ مسئلہ ایسے وقت میں شدت اختیار کر گیا ہے جب شگر کے طلبہ امتحانات کی تیاری میں مصروف ہیں۔ کم وولٹیج کی وجہ سے رات کے وقت روشنی کا مناسب انتظام نہیں ہو پاتا، اور نہ ہی موبائل فونز یا انٹرنیٹ ڈیوائسز چارج ہو پاتی ہیں، جس سے طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔
عوام نے متعلقہ محکموں، خصوصاً محکمہ برقیات اور ضلعی انتظامیہ شگر سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بجلی کی وولٹیج کا مسئلہ حل کیا جائے اور بجلی کی مساوی تقسیم کو یقینی بنایا جائے تاکہ ہر شہری کو برابر سہولیات میسر آئیں۔ بصورتِ دیگر عوامی احتجاج کا دائرہ بڑھ سکتا ہے۔
0



