بلتستان کی دو معصوم بیٹیوں، تابندہ بتول اور ثمرین، کی ہلاکت نے پورے خطے کو سوگوار کر دیا ہے. ایڈووکیٹ کلثوم ایلیا شگری
رپورٹ، 5 سی این نیوز
اسلام آباد ایڈووکیٹ کلثوم ایلیا شگری نے شاہراہِ دستور پر ہونے والے المناک حادثے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلتستان کی دو معصوم بیٹیوں، تابندہ بتول اور ثمرین، کی ہلاکت نے پورے خطے کو سوگوار کر دیا ہے اور اب قوم مزید خاموش نہیں رہ سکتی۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اعلیٰ عدلیہ کے جج محمد آصف کے بیٹے نے مبینہ طور پر تیز رفتاری اور غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی گاڑی سکوٹی پر گھر واپس جاتی دونوں طالبات سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ محض ایک ٹریفک حادثہ نہیں بلکہ طاقت اور لاپرواہی کا وہ المناک نتیجہ ہے جس نے دو خاندانوں کے چراغ ہمیشہ کے لیے گل کر دیے۔ کلثوم ایلیا شگری ایڈووکیٹ نے مطالبہ کیا کہ حادثے کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ دار شخص کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بااثر شخصیت کا اثر و رسوخ انصاف کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ تابندہ بتول اور ثمرین کی المناک موت نے پوری قوم کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ یہ معاملہ صرف بلتستان کے عوام کا نہیں بلکہ پورے ملک کا ہے، اور یہ وقت ہے کہ ہم قانون کی برابری اور عدل کی فراہمی کے لیے متحد ہو کر آواز بلند کریں۔ایڈووکیٹ کلثوم ایلیا شگری نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ذاتی طور پر کیس کی نگرانی کریں تاکہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ انصاف ہو سکے اور ذمہ دار کو انجام تک پہنچایا جا سکے۔
urdu news update, Heartbreaking Death of Two Innocent Daughters of Baltistan
0



