قدرتی آفت کے بعد پاک فوج، سول انتظامیہ خصوصاً کمشنر بلتستان اور ڈپٹی کمشنر شگر کی بروقت امدادی سرگرمیوں پر گہرے اطمینان اور تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی شگر،
شگر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما محمد خان بروکُو نے برالدو میں حالیہ قدرتی آفت کے بعد پاک فوج، سول انتظامیہ خصوصاً کمشنر بلتستان اور ڈپٹی کمشنر شگر کی بروقت امدادی سرگرمیوں پر گہرے اطمینان اور تہہ دل سے شکریہ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برالدو کے دور افتادہ اور متاثرہ علاقوں میں نہ صرف امدادی سامان کی مؤثر ترسیل کی گئی، بلکہ پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ نے عوامی مشکلات کو سننے اور حل کرنے کے لیے قابلِ ستائش اقدامات کیے۔ انہوں نے میڈیکل کیمپ کے قیام کو بھی قابلِ تحسین اقدام قرار دیا، جس سے متاثرہ آبادی کو فوری طبی سہولیات میسر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام اقدامات سے عوام کو بڑا ریلیف ملا ہے، اور متاثرین نے ان خدمات کو خلوصِ نیت سے سراہا ہے۔انہوں نے مزید کہا شاہراہِ برالدو کی فوری بحالی از حد ضروری ہے تاکہ علاقے کو دوبارہ ملک کے دیگر حصوں سے جوڑا جا سکے۔ آمد و رفت کی بحالی نہ صرف امدادی سرگرمیوں میں تیزی لائے گی بلکہ مقامی آبادی کی روزمرہ زندگی کو بھی معمول پر لانے میں مدد دے گی۔ محمد خان بروکُو نے آخر میں اس امید کا اظہار کیا کہ تمام ادارے، خصوصاً ضلعی و صوبائی انتظامیہ، متاثرہ علاقوں میں طویل المدت اور پائیدار اقدامات کو یقینی بنائیں گے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔
urdu news, land sliding in gilgit baltistan