شگر دریائے شگر کے کٹاؤ نے محلہ شوپہ، مقام لورزیپا میں تباہی کی ایک طویل لہر پیدا کر دی ہے۔ ہزاروں کنال قیمتی زرعی اراضی، محنت سے اُگائی گئی فصلیں اور بے شمار قیمتی درخت دریا برد ہو گئے
رپورٹ، عابد شگری 5 سی این نیوز
شگر دریائے شگر کے کٹاؤ نے محلہ شوپہ، مقام لورزیپا میں تباہی کی ایک طویل لہر پیدا کر دی ہے۔ ہزاروں کنال قیمتی زرعی اراضی، محنت سے اُگائی گئی فصلیں اور بے شمار قیمتی درخت دریا برد ہو چکے ہیں۔ یہ زمینیں نہ صرف مقامی معیشت کا سہارا تھیں بلکہ سینکڑوں افراد کے روزگار کا واحد ذریعہ بھی تھیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق اب صورتحال نہایت سنگین ہو چکی ہے کیونکہ دریا کا رخ مکمل طور پر آبادی کی طرف مڑ چکا ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو آئندہ دنوں میں 20 سے 25 گھرانے مکمل طور پر بے گھر ہو جائیں گے، جبکہ باقی ماندہ زرعی زمین، مکئی اور دیگر فصلیں بھی دریا برد ہو جائیں گی۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ وہ اس خطرے سے متعلق متعلقہ حکام کو پہلے بھی آگاہ کر چکے ہیں، تاہم اب معاملہ نہایت نازک ہو چکا ہے۔ عوامی نمائندوں اور علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر شگر سے فوری نوٹس لینے اور آبادی و زمین کو بچانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔
urdu news, land sliding in gilgit baltistan