اسکردو ، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور کشمیری عوام کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی، مسلم لیگ (ن) صوبائی ترجمان محمد اشرف صدا
اسکردو ، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور کشمیری عوام کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی، مسلم لیگ (ن) صوبائی ترجمان محمد اشرف صدا
پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے صوبائی ترجمان محمد اشرف صدا نے 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور کشمیری عوام کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ بھارت کی ظالمانہ پالیسیوں، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو ہر سطح پر بے نقاب کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔
مسئلہ کشمیر محض ایک علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہےجس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔بھارت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے کشمیری عوام کے حقوق پر شب خون مارا، اور تب سے لے کر آج تک وہاں ظلم و ستم کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے۔ ان مظالم پر اقوام عالم کی مجرمانہ خاموشی بھی باعث تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اور قیادت نے ہمیشہ کشمیری عوام کی بھرپور وکالت کی ہے اور نہ صرف عالمی سطح پر ان کے حقِ خودارادیت کے لیے مضبوط موقف اختیار کیا ہے بلکہ سفارتی سطح پر بھی مسئلہ کشمیر کو دلیرانہ انداز میں اجاگر کیا ہے ۔
اشرف صدا نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے محب وطن عوام ہمیشہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور ان کی آزادی کی جدوجہد میں ہر ممکن حمایت جاری رکھیں گے۔گلگت بلتستان کے عوام خود قربانیوں کی ایک طویل تاریخ رکھتے ہیں اور انہیں اس بات کا بخوبی احساس ہے کہ آزادی کتنی بڑی نعمت ہے۔
اشرف صدا نے اقوام متحدہ، او آئی سی، اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کے جبر و استبداد کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا جائز اور قانونی حقِ خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ دنیا کو یہ سمجھنا ہوگا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر ممکن نہیں۔ اور اگر اس اہم اور سلگتے ہوئے مسئلے پر اقوام عالم کی خاموشی اور چشم پوشی جاری رہی تو یہ پوری دنیا کے امن کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے ۔ انہیں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں مودی نواز حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد ہندوستان اس خطے میں مکمل طور پر تنہا ہو چکا ہے۔اور اپنے تمام ہمسائیوں سے ہندوستان کے تعلقات سخت خراب ہیں۔ دنیا کی تیزی سے بدلتی ہوئی حالات کے تناظر میں زیادہ دیر کشمیر پر غاصبانہ قبضہ ہندوستان کے دیگر ریاستوں میں بھی اثرات مرتب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے کسی بھی منفی عزائم کے خلاف گلگت بلتستان کے غیور و محب وطن عوام اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ ملک کی سرحدوں کی اک اک انچ کے دفاع کے لیے پورے ایمان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ 5 فروری ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد میں ان کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑیں گے۔ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کر کے پاکستان کے ساتھ اپنے الحاق کی دیرینہ خواہش کو حقیقت میں بدلیں گے۔ انہوں نے آزادی کی تحریک میں لاکھوں کی تعداد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے عظیم شہدا کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
One Man Show! ون مین شو، پروفیسر قیصر عباس