گلگت، سرکاری اداروں میں کام کے معیار اور کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے بائیو میٹرک حاضری اور ٹاسک منیجمنٹ سسٹم فوری لاگو کیا جائے، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان
گلگت، سرکاری اداروں میں کام کے معیار اور کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے بائیو میٹرک حاضری اور ٹاسک منیجمنٹ سسٹم فوری لاگو کیا جائے، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان
رپورٹ، عابد شگری 5 سی این نیوز
گلگت : چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کانفرنس کا انعقاد چیف سیکریٹری سیکریٹریٹ میں ہوا۔کانفرنس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات، انتظامی سیکریٹریز،ڈویژنل کمشنرز سمیت تمام ضلعوں کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اس موقع پر تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے متعلقہ اضلاع میں اداروں کی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت سمیت امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
چیف سکریٹری گلگت بلتستان نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گڈ گورننس کی بحالی، پبلک سروس ڈیلیوری سسٹم کی بہتری، مقامی انتظامیہ کی کارکردگی کو مزید موثر بنانے کیلئے جزا و سزا اور مانٹرینگ کے نظام کو فعال بنانے ٹھوس اقدامات بروئے کار لانے کے احکامات جاری کر دئیے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں کام کے معیار اور کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے بائیو میٹرک حاضری اور ٹاسک منیجمنٹ سسٹم فوری لاگو کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی وقت مقررہ اور منظورشدہ بجٹ میں معیاری تکمیل یقینی بنائی جائے اور زمینوں کے معاوضہ جات سمیت ریونیو کیسز کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔
انہوں نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو عوامی مسائل کے بروقت حل کیلئے کھلی کچہریوں کے انعقاد، اشیائے خوردونوش کی قیمتیں مستحکم رکھنے، غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے، سبسڈائزڈ گندم اور آٹے کی شفاف ترسیل اور تقسیم کیلئے محکمہ خوراک کے ساتھ تعاون بڑھانے سمیت بجلی بلوں کی ریکوری کیلئے مربوط اقدامات بروئے کار لانے پر زور دیا۔
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے متعلقہ اضلاع میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں خصوصی توجہ دیں اور محکمہ صحت ڈاکٹروں کی کمی دور کرنے سمیت اودیات کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے صفائی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی بھی ہدایت جاری کی۔
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے گلگت بلتستان میں ایمرجنسی ریسپانس کو مزید بہتر بنانے سمیت شاہراہ قراقرم سمیت دیگر رابطہ سڑکوں پر حادثات کے روک تھام کیلئے وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفیکیشن سسٹم کے موثر نفاذ کیلئے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو فوری اقدامات اٹھانے کیلئے احکامات جاری کر دئیے۔ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے حالیہ چلاس بس حادثے کے بعد ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں سمیت مقامی افراد کی ریسکیو کیلئے ایمرجنسی ریسپانس کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے قابل فخر اقدام قرار دیا۔
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز کی ماہانہ بنیادوں پر کارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا اور اس حوالے سے جزا و سزا کا موثر نظام قائم کیا جائیگا، تمام ڈپٹی کمشنرز کانفرنس میں لئے گئے فیصلوں پر عملدر آمد کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ اشتراک کو فروغ دیں اور امن و امان کی بہتری سمیت عوامی مسائل کے حل کیلئے موثر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
کینیڈا میں بھارتی ہیڈ اسکواڈ کی گرفتاری، 3 ملزمان حراست میں
قومی ٹیم آئرلینڈ سے میچ سے قبل ٹرینگ کے لیے قدافی اسٹیڈیم پہنچ گئے
Urdu news, Gilgit-Baltistan should immediately implement biometric attendance and task management system to improve the quality and efficiency of work