بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی زیر صدارت اہم اجلاس
رپورٹ، 5 سی این نیوز
چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ گلگت بلتستان میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز/کنوینیرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز محکمہ لوکل گورنمنٹ/ممبران اور اسسٹنٹ کمشنرز ہیڈکوارٹرز/ممبران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان اس وقت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے نہایت اہم اور مصروف مرحلے سے گزر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات گلگت بلتستان کے جمہوری اور ترقیاتی نظام میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں، کیونکہ ان کے ذریعے عوام کو نچلی سطح پر فیصلہ سازی اور مقامی ترقی میں براہِ راست شمولیت کا موقع حاصل ہوگا۔چیف الیکشن کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان بلدیاتی انتخابات کو صاف شفاف، منصفانہ اور قانون کے مطابق منعقد کرانے کے لیے پرعزم ہے۔پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس اسلام آباد سے متعلقہ فہرستوں میں بعض محلہ جات و مقامات میں بلاک کوڈز کی تفریق اور دیہات کے ناموں کی تفصیلی معلومات شامل نہیں ہیں۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ان معلومات کی فراہمی بلاک کوڈز کی حتمی منظوری کے لیے ناگزیر ہے۔الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے تمام اضلاع کے متعلقہ حلقہ بندی ممبران اور افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ جلد از جلد ریکارڈ میں درستگی عمل میں لاکر حتمی رپورٹ پیش کریں،جس کی روشنی میں حلقہ بندی کے نقشہ جات مرتب ہوں گے تاکہ پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس اسلام آباد کو بروقت اور درست ڈیٹا فراہم کیا جا سکے۔
چیف الیکشن کمشنر نے اجلاس میں شریک تمام افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے جاری تیاریوں کو مزید تیز کریں اور تمام انتظامی و تکنیکی پہلوؤں کو شفاف انداز میں مکمل کریں۔ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی زیر صدارت اہم اجلاس
urdu news, Gilgit-Baltistan on Preparations for Local Body Elections