شگر امداد ویلفیئر آرگنائزیشن (رجسٹرڈ) کی دعوت پر داعی امن، آغا عباس الموسوی قاضی محکمہ شرعیہ چھوترون نے تنظیم کے ذیلی دفتر گلاب پور کا خصوصی دورہ کیا۔
رپورٹ، 5 سی این نیوز
شگر امداد ویلفیئر آرگنائزیشن (رجسٹرڈ) کی دعوت پر داعی امن، آغا عباس الموسوی قاضی محکمہ شرعیہ چھوترون نے تنظیم کے ذیلی دفتر گلاب پور کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر تنظیم کی مرکزی کابینہ کے ساتھ ایک مفصل اور بامقصد اجلاس منعقد ہوا جس میں تنظیم کی اب تک کی کارکردگی، جاری منصوبہ جات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔اس اہم اجلاس میں علاقہ شگر کی نامور شخصیات نے بھی شرکت فرمائی، جن میں عمران ندیم چیئرمین، ہلال احمر پاکستان، سید عبداللہ شاہ (رئیس مجلس عمل، جامعہ بلتستان الاسلامیہ وزیرپور)، مفتی علی محمد ہادی (مفتی اعظم، صوفیہ نوربخشیہ)، شیخ مبارک علی صاحب اور دیگر معززین شامل تھے۔تنظیم کے سابق صدر پروفیسر ولایت علی ابدالی اور موجودہ صدر جناب محمد خان شگری نے مہمانانِ گرامی کو تنظیم کے قیام سے لے کر اب تک کے فلاحی سفر، خدمات اور حاصل کردہ کامیابیوں سے آگاہ کرتے ہوئے ایک جامع بریفنگ دی۔مہمانانِ گرامی نے امداد ویلفیئر آرگنائزیشن کی فلاحی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے اسے علاقے کی ایک مؤثر اور فعال تنظیم قرار دیا اور اس کے نظم و نسق و خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ عزت مآب آغا عباس الموسوی نے ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے نقد عطیہ عنایت فرمایا اور مستقبل کے منصوبوں میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اسی طرح جناب عمران ندیم صاحب نے بھی بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار فرمایا۔یہ اجلاس اس بات کا ثبوت ہے کہ امداد ویلفیئر آرگنائزیشن نہ صرف علاقے کی عوام کا اعتماد حاصل کر چکی ہے بلکہ مخیر حضرات، مذہبی و سماجی رہنماؤں اور علمی شخصیات کی سرپرستی سے مزید ترقی کی جانب گامزن ہے۔