اسکردو جموں و کشمیر یونائیٹڈ ویلفیئر ٹرسٹ اور مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے سیلاب متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم،
رپورٹ، 5 سی این نیوز
اسکردو جموں و کشمیر یونائیٹڈ ویلفیئر ٹرسٹ اور مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے سیلاب متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم، جموں و کشمیر یونائیٹڈ ویلفیئر ٹرسٹ اور مرکزی مسلم لیگ کے زیرِ اہتمام بلتستان کے مختلف اضلاع سکردو، شگر، گانچھے اور کھرمنگ کے سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی سامان کی تقسیم کی تقریب سکردو میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ٹرسٹ کے چیئرمین شعیب، عبدالستار ترابی، علمائے کرام اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی اور خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ انسانیت سب سے بڑی قدر ہے اور خدمتِ انسانیت کا یہی جذبہ کشمیر سے سکردو تک اس مشن کو لے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر یونائیٹڈ ویلفیئر ٹرسٹ اور مرکزی مسلم لیگ نے سیلاب کے پہلے روز سے لے کر بحالی کے مرحلے تک متاثرین کا ساتھ دیا، اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ دونوں تنظیموں نے بلا مذہب، رنگ و نسل اور علاقائی تفریق کے، خالصتاً انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کی اور متاثرہ علاقوں میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ نے ہمیشہ جہاں بھی سیلاب یا قدرتی آفت آئی، سب سے پہلے پہنچ کر متاثرین کی مدد کی ہے اور یہی جذبہ تنظیم کی اصل پہچان ہے۔ اس موقع پر 100 سے زائد سیلاب متاثرہ خاندانوں میں کھانے پینے کی اشیاء، گرم کپڑے، رضائیاں، کمبل اور دیگر ضروری سامان تقسیم کیا گیا،
جبکہ اب تک تین کروڑ روپے سے زائد مالیت کا امدادی سامان مختلف متاثرہ علاقوں میں پہنچایا جا چکا ہے۔ علمائے کرام نے اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ اور جموں و کشمیر یونائیٹڈ ویلفیئر ٹرسٹ کی سیلاب متاثرین کی مدد کو زبردست الفاظ میں سراہا اور اسے دیگر اداروں کے لیے قابلِ تقلید مثال قرار دیا۔
انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی یہ ادارے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے مصیبت زدہ لوگوں کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
urdu news, gilgit baltistan news