شگر چھاتی کے کینسر سے متعکو گرلز ہائی اسکول شگر میں تقریب کا انعقاد ، اخوندیان فاؤنڈیشن اور وحدت فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی مہم کے سلسلے میں گرلز ہائی اسکول شگر میں ایک اہم تقریب کا انعقاد
رپورٹ، 5 سی این نیوز
شگر چھاتی کے کینسر سے متعکو گرلز ہائی اسکول شگر میں تقریب کا انعقاد ، اخوندیان فاؤنڈیشن اور وحدت فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی مہم کے سلسلے میں گرلز ہائی اسکول شگر میں ایک اہم تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طالبات، اساتذہ اور مقامی معززین نے شرکت کی۔ تقریب میں ماہرِ کینسر ڈاکٹر کاظم اور لیڈی ڈاکٹر سیدہ عراقی نے خصوصی شرکت کی اور شرکاء کو چھاتی کے کینسر کی علامات، احتیاطی تدابیر، بروقت تشخیص اور علاج کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ ڈاکٹر کاظم نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں ضلع گانچھے چھاتی کے کینسر کے کیسز میں سرفہرست ہے جبکہ ضلع شگر دوسرے نمبر پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 32 ہزار خواتین اس موذی مرض میں مبتلا ہوتی ہیں جن میں سے 1500 سے 1600 خواتین موت کا شکار ہو جاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 40 سال سے زائد عمر کی خواتین کو سال میں ایک بار لازمی میڈیکل ٹیسٹ کروانا چاہیے، اور اگر جسم میں کسی بھی قسم کی گلٹی محسوس ہو تو فوری ٹیسٹ کروایا جائے۔ ڈاکٹر کاظم نے کہا کہ ایچ پی وی وائرس کی 50 اقسام میں سے 40 فیصد اقسام سے بچاؤ ممکن ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تمباکو نوشی، نسوار، بیکری مصنوعات، نمکین چائے کا کثرت سے استعمال اور گھریلو دھوئیں میں اضافہ کینسر کے پھیلاؤ کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں، اس لیے خوراک اور طرزِ زندگی میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔ اس موقع پر لیڈی ڈاکٹر سیدہ عراقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 90 ہزار خواتین چھاتی کے کینسر کا شکار ہوتی ہیں جن میں سے سینکڑوں خواتین جاں بحق ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو جسم میں گلٹی یا کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، خاص طور پر اگر خاندان میں کسی فرد کو یہ مرض لاحق رہا ہو تو خصوصی احتیاط ضروری ہے۔ تقریب کے اختتام پر سکول کی پرنسپل کوثر پروین نے اخوندیان فاؤنڈیشن، وحدت فاؤنڈیشن، ڈاکٹر کاظم اور تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی آگاہی مہمات وقت کی اہم ضرورت ہیں، کیونکہ بروقت آگاہی سے اس موذی مرض سے بچاؤ ممکن ہے۔
urdu news, Awareness Event Held at Girls High School Shigar




