مظفرآباد: یوم حق خودارادیت پر کشمیریوں کا تجدید عہد، بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرے
مظفرآباد: یوم حق خودارادیت پر کشمیریوں کا تجدید عہد، بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرے
رپورٹ، 5 سی این نیوز
لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں کشمیری آج یوم حق خودارادیت منا رہے ہیں۔ پانچ جنوری کشمیری عوام کے لیے اقوام متحدہ کی جانب سے دیے گئے حق خودارادیت کے وعدے کی یاد دلاتا ہے جسے بھارت نے آج تک پورا نہیں کیا۔
آزاد کشمیر میں اس دن کی مناسبت سے بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جس میں کشمیری عوام اقوام متحدہ سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔
**وزیراعظم آزاد کشمیر کا اقوام متحدہ سے مطالبہ**
وزیراعظم آزاد کشمیر انوار الحق نے اس موقع پر کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں سے استصواب رائے کا وعدہ کیا تھا جو آج تک پورا نہیں ہو سکا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کے ظلم و ستم کے باوجود کشمیری عوام حق خودارادیت کے مطالبے پر ڈٹے ہوئے ہیں۔
**شہدا کو خراج عقیدت**
یوم حق خودارادیت کے موقع پر شہدا کشمیر کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ جلسوں اور ریلیوں میں کشمیری عوام نے بینرز اٹھا رکھے ہیں جن پر “ہم اپنا حق لے کر رہیں گے” اور “کشمیر بنے گا پاکستان” جیسے نعرے درج ہیں۔
**اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کو یادداشت پیش کی جائے گی**
مظفرآباد میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کے دفتر میں ایک یادداشت پیش کی جائے گی جس میں عالمی برادری سے اپیل کی جائے گی کہ وہ کشمیری عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کریں اور بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے روکا جائے۔
**بھارت کو خبردار کیا گیا**
وزیراعظم آزاد کشمیر نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو دبانے کی کوشش جاری رکھی تو اسے بھیانک نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انوار الحق کا کہنا تھا کہ آزادی کشمیریوں کی منزل ہے اور بھارت اس حقیقت کو جتنا جلد تسلیم کرے گا، خطے میں اتنی ہی جلد امن قائم ہو گا۔
کشمیری عوام کی جانب سے عالمی برادری کو پیغام دیا جا رہا ہے کہ وہ خاموش تماشائی نہ بنیں بلکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کریں۔
URDU NEWS