**اسلام آباد: پاکستان میں بیروزگاری میں اضافہ، 10 سال میں شرح 7 فیصد تک پہنچ گئی**
**اسلام آباد: پاکستان میں بیروزگاری میں اضافہ، 10 سال میں شرح 7 فیصد تک پہنچ گئی**
رپورٹ، 5 سی این نیوز
– پاکستان میں بیروزگاری کی شرح گزشتہ 10 برسوں میں 1.5 فیصد سے بڑھ کر 7 فیصد تک جا پہنچی ہے، وزارت منصوبہ بندی کی نئی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں سالانہ 50 لاکھ افراد کا اضافہ ہو رہا ہے جس سے معیشت پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ آبادی میں تیزی سے اضافے کے باعث بیروزگاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ خطے کے دیگر ممالک میں صورتحال اس سے بہتر ہے۔
پلاننگ کمیشن کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بیروزگاری کی شرح بھارت (4.5 فیصد) اور بنگلہ دیش (5 فیصد) سے زیادہ ہے۔ بھارت میں بیروزگاری میں کمی دیکھی جا رہی ہے جبکہ پاکستان میں اس کے برعکس اضافہ ہو رہا ہے۔
رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ملک میں خواتین کی لیبر فورس میں شرکت گزشتہ 13 برسوں سے 22 فیصد پر رکی ہوئی ہے۔ پاکستان میں خواتین کو روزگار کے مواقع محدود ہیں جبکہ مردوں کے مقابلے میں ان کی معاشی شرکت کم ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق پاکستان میں فی کس آمدنی 1680 ڈالر ہے جو خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ہے۔ رواں مالی سال میں فی کس آمدنی میں 70 ہزار روپے کا اضافہ ہوا، تاہم یہ اضافہ ملکی ضروریات کے لحاظ سے ناکافی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان میں اسکولوں سے باہر بچوں کی تعداد 2 کروڑ 55 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ سب سے زیادہ پنجاب میں 96 لاکھ، سندھ میں 78 لاکھ، خیبرپختونخوا میں 49 لاکھ اور بلوچستان میں 50 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، پاکستان دنیا میں ان ممالک میں شامل ہے جہاں سب سے زیادہ بچے اسکول نہیں جاتے، اور ملک تعلیمی میدان میں شدید چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔
پاکستان میں آبادی کی تیز رفتاری کے باعث 2050 تک آبادی دگنی ہو جانے کا خدشہ ہے۔ اگر موجودہ صورتحال برقرار رہی تو بیروزگاری اور غربت مزید بڑھنے کے امکانات ہیں۔
URDU NEWS
شگر ، نو تعینات ڈی پی او شگر نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا، جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کیخلاف بلا امتیاز سخت ایکشن لیا جائے گا۔ڈی پی او شگر