**کراچی: پاک فضائیہ کے سربراہ کا نیول کیڈٹس کی حوصلہ افزائی، دفاعی مضبوطی پر زور**
**کراچی: پاک فضائیہ کے سربراہ کا نیول کیڈٹس کی حوصلہ افزائی، دفاعی مضبوطی پر زور
رپورٹ، 5 سی این نیوز
پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ مضبوط دفاعی صلاحیت اور ٹیکنالوجی کا فروغ پاکستان کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
نیول اکیڈمی میں مڈ شپ مین اور شارٹ سروس کمیشن کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیاں قومی سلامتی کے لیے باعث فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سمندری حدود کا دفاع پاکستان کی سالمیت کے لیے نہایت اہم ہے، اور نیوی کے جوان اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دے رہے ہیں۔
ایئر چیف مارشل نے کہا کہ پریڈ میں کیڈٹس کا ڈسپلن اور مہارت اعلیٰ تربیت کی عکاسی کرتا ہے، اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان کے دفاعی ادارے ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کا یہ سفر قومی دفاع میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جدید ہتھیاروں کے استعمال اور ٹیکنالوجی کی مہارت وقت کی ضرورت ہے۔ پاکستان نیوی نے ہمیشہ سمندری سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے، اور اس کی کامیابیاں علاقائی امن کے قیام میں اہم ہیں۔
تقریب میں 79 کیڈٹس نے کمیشن حاصل کیا، جن میں 50 مڈ شپ مین اور 29 شارٹ سروس کمیشن کے افسران شامل تھے۔ کیڈٹس نے پاکستان کے دفاع اور سالمیت کا حلف اٹھایا۔
ایئر چیف نے اس موقع پر عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرے اور بھارت پر زور دے کہ کشمیری عوام پر مظالم بند کیے جائیں۔ انہوں نے غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے کیڈٹس کی پریڈ کا معائنہ کیا اور بہترین کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس کو انعامات دیے۔
URDU NEWS
پاکستان کا اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں غیر مستقل رکن کی حیثیت سے باضابطہ آغاز