کھرمنگ. پانچواں سالانہ سسپولو فیسٹیول کا انعقاد
کھرمنگ. پانچواں سالانہ سسپولو فیسٹیول ضلع کھرمنگ کی ثقافت، سیاحت اور زراعت کا فروغ دینے کیلئے
عالمی شہرت یافتہ مشہور سیاحتی مقام منٹھوکھا آبشار پر منایا گیا۔
رپورٹ ۔ عابد شگری 5 سی این نیوز
کھرمنگ. پانچواں سالانہ سسپولو فیسٹیول ضلع کھرمنگ کی ثقافت، سیاحت اور زراعت کا فروغ دینے کیلئے
عالمی شہرت یافتہ مشہور سیاحتی مقام منٹھوکھا آبشار پر منایا گیا، جس کا اہتمام ضلعی انتظامیہ ۔محکمہ زراعت ۔ آغاخان سپورٹس پروگرام کی جانب سے کیاگیا تھا۔ اس شاندار فیسٹول کے مہمانِ خصوصی وزیر تعمیرات گلگت بلتستان سید امجد زیدی تھے، جبکہ دیگر مہمانوں میں کمشنر بلتستان نجیب عالم، ایڈیشنل کمشنر غلام علی، ہوم سیکرٹری سید علی اصغر، ڈپٹی کمشنر سکردو طیب سمیع خان، ڈی آئی جی بلتستان، ڈپٹی کمشنر شگر، کمانڈنگ آفیسر اور پرنسپل کیڈٹ کالج سکردو و دیگر اہم شخصیات شریک تھے فیسٹیول میں مقامی اور ملکی سطح پر مشہور سسپولو سیب کا خصوصی اسٹال بھی لگایا گیا، جس نے سیاحوں کی توجہ خوب سمیٹی۔ محکمہ زراعت نے مقامی سبزیوں اور فصلوں کی نمائش کے لیے بھی اسٹالز لگائے، جس کا مقصد علاقے کی زراعت کو فروغ دینا تھا۔ مقامی تنظیموں کی جانب سے ثقافتی مصنوعات، اشیائے خوردونوش اور جڑی بوٹیوں کے اسٹالز نے فیسٹیول کو مزید دلچسپ بنا دی فیسٹیول میں نہ صرف مقامی لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، بلکہ ملک بھر سے آنے والے سیاحوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اس منفرد ثقافتی تقریب سے خوب لطف اندوز ہوئے۔ سیاحوں نے اس طرح کی تقریبات کو علاقے کی تہذیب، ثقافت، سیاحت اور معیشت کے فروغ کے لیے بے حد اہم قرار دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی سید امجد زیدی اور دیگر معزز شخصیات نے کہا کہ اس طرح کے فیسٹیول نہ صرف مقامی زراعت کو فروغ دیتے ہیں بلکہ یہ تہذیب و ثقافت کی ترویج اور علاقے میں سیاحت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سسپولو فیسٹیول جیسی تقریبات نہ صرف علاقے کی معیشت کو مستحکم کرتی ہیں بلکہ مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا کرتی ہیں۔
علاقے کے باسیوں اور سیاحوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس فیسٹیول کے کامیاب انعقاد کو سراہا اور مستقبل میں بھی اس طرح کی تقریبات کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر اریب احمد مختارکھرمنگ نے تمام مہمانوں کی شرکتپر شکریہ ادا کیا اور فیسٹول کی بابت بریفنگ دی. Urdu news
Urdu news , suspolo festival, apple festival