column in urdu, land of four seasons Gilgit baltistan 0

چار سیزن کی سرزمین پر نفرت کے سائے کیوں ، اشرف حسین شگری(جیولوجسٹ)
گلگت بلتستان وہ خطہ ہے جو دنیا بھر میں اپنی قدرتی خوبصورتی، برف پوش پہاڑوں، حسین وادیوں اور شفاف دریاؤں کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے۔ جغرافیائی طور پر یہ علاقہ وسطی ایشیا، چین اور برصغیر کے سنگم پر واقع ہے اور اپنی منفرد لوکیشن کی بدولت ایک پل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس خطے کو عالمی سطح پر خاص اہمیت حاصل ہے۔ سی پیک (CPEC) جیسا عظیم منصوبہ بھی اسی علاقے سے گزرتا ہے جو پاکستان اور خطے کی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ خطہ اپنی وادیوں اور پہاڑوں میں بے شمار قدرتی وسائل اور معدنیات کا بھی خزانہ رکھتا ہے، جو اس کی جغرافیائی اہمیت کو مزید بڑھا دیتا ہے۔

Thank you for reading this post, don't forget to subscribe!

حالیہ دنوں میں کچھ ناخوشگوار واقعات کے بعد اس پرامن خطے پر کشیدگی کے سائے نظر آ رہے ہیں۔ گلگت شہر میں ایک مذہبی رہنما پر حملے کے بعد سوشل میڈیا پر تفرقہ انگیز بیانات گردش کر رہے ہیں، جو نہ صرف ماحول کو خراب کر رہے ہیں بلکہ علاقے کی پرامن شناخت کو بھی داغدار کرنے کی کوشش ہیں۔ یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ یہ مسئلہ کسی ایک فرقے کا نہیں بلکہ پورے علاقے کے امن اور مستقبل سے جڑا ہوا ہے۔ اسٹریٹیجک حیثیت رکھنے والے اس خطے میں بیرونی، غیر ملکی طاقتوں کی مداخلت کے امکانات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
یہ وہی گلگت بلتستان ہے جو کبھی صرف گرمیوں میں سیاحت کے لیے کھلتا تھا، لیکن اب یہ خطہ چاروں موسموں میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے پرکشش ہے۔ برفانی کھیلوں سے لے کر سرسبز وادیوں تک، ہر موسم یہاں کی الگ پہچان بنا چکا ہے۔ سیاحت اس علاقے کی سماجی اور ثقافتی ترقی کا ذریعہ ہے اور اس کی بقا امن و سکون پر منحصر ہے۔
لہٰذا آج ضرورت اس بات کی ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام فرقہ وارانہ اختلافات سے بالاتر ہو کر امن، بھائی چارے اور ترقی کے لیے متحد ہوں۔ اصل پہچان اس خطے کی مہمان نوازی، محبت اور بھائی چارہ ہے۔ اگر ہم نے اس سرزمین کو نفرت کے سایوں سے محفوظ نہ رکھا تو سب سے بڑا نقصان ہماری آنے والی نسلوں کو ہوگا۔
آخر میں دعا ہے, اللہ تعالیٰ ہم سب کو امن کا پرچارک بنائے، اس سرزمین کو نفرت کے سائے سے محفوظ رکھے، اور گلگت بلتستان کو ہمیشہ محبت، سکون اور خوشحالی کی سرزمین بنائے۔ آمین۔

column in urdu, land of four seasons Gilgit baltistan

100% LikesVS
0% Dislikes

چار سیزن کی سرزمین پر نفرت کے سائے کیوں ، اشرف حسین شگری(جیولوجسٹ)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں