اہل گلگت بلتستان! ایک نگاہ سوڈان پر بھی ڈالیں، ایم جے فیاضی
سوڈان ایک ایسا ملک ہے جو سال میں ۶۰ ہزار کلو سے زیادہ سونا (Gold) پیدا کرتا ہے، یعنی وہ دنیا کے سب سے زیادہ سونے کے ذخائر رکھنے والے ممالک میں سے ایک ہے۔ لیکن اس کے باوجود اقوام متحدہ (UN) کی حالیہ رپورٹ کے مطابق سوڈان ان ممالک میں سر فہرست ہے جو قحط سالی کا شکار ہیں۔ آئیے ایک سرسری نظر ڈالتے ہیں، ایک ایسی قوم پر جو سونے کے ڈھیر پر بیٹھی ہوئی بھوک سے فریاد کر رہی ہے۔
سوڈان ایک مسلم ملک ہے جو تقریباً پانچ کروڑ کی آبادی پر مشتمل ہے، جس میں سے ستر فیصد (۷۰٪) عرب اور تیس فیصد (۳۰٪) غیر عرب مسلمان ہیں۔ ظاہراً یہاں عرب نسل کے گروہ ہیں جو غیر عرب لوگوں کا قتل عام کر رہے ہیں، لیکن اگر ہم باریک بینی سے دیکھیں تو سارا کھیل طاقت کے حصول اور بیرونی مفادات کا ہے۔
سوڈان میں ایک طرف حکومت/مسلح افواج ہیں اور دوسری طرف ایک مسلح گروہ RSF ہے۔ یہ دونوں سوڈان پر تسلط کے لیے آپس میں دست و گریباں ہیں۔ میں صرف ایک زاویے سے ان حالات پر ایک اشارہ کرنا چاہوں گا۔
سوڈان میں قدرتی وسائل اور سونے کی وسیع ذخائر کی وجہ سے بیرونی ممالک کی نظریں ہمیشہ اس پر لگی رہتی ہیں۔ چند بیرونی طاقتیں، جیسے متحدہ عرب امارات، ترکی، مصر وغیرہ، ان گروہوں کو اسلحہ مہیا کرتے ہیں اور بدلے میں سوڈان کا ۹۰٪ سے زیادہ سونا ان طاقتوں کو مل جاتا ہے۔ اب ان داخلی گروہوں کو سوڈان میں اپنی طاقت جمائے رکھنے کے لیے اسلحے کی ضرورت ہے اور بیرونی طاقتوں کو معدنیات (سونا) سے غرض ہے۔
اس سارے معاملے میں غریب عوام پس رہے ہیں، جن کے لیے آواز اٹھانے والا بھی کوئی نہیں ہے اور وہ سونے کے ڈھیر پر بیٹھے بھوک سے مر رہے ہیں۔ حالیہ رپورٹس کے مطابق اب تک اس جنگ میں ایک لاکھ پچاس ہزار سے زیادہ عام شہری قتل ہو چکے ہیں۔
طاقت کا حصول، قدرتی وسائل پر قبضہ اور ذاتی مفادات کے لیے ان داخلی و بیرونی طاقتوں نے کبھی بھی عام شہریوں کے حقوق کا خیال نہیں کیا۔ اب ذرا ہم اپنے گلگت بلتستان کی طرف نظر کرتے ہیں!
قدرتی وسائل،طاقت اور ثروت کے بھوکے حکمران، داخلی مافیا اور قدرتی وسائل پر گڑی ہوئی سامراجی نظریں۔ یہ سب چیزیں کسی اچھے اور روشن مستقبل کا پیش خیمہ کبھی نہیں ہو سکتیں۔ خدا ہماری مدد فرمائے اور اس پاک سرزمین کو دشمن کی سازشوں اور داخلی مفاد پرستوں کے شر سے محفوظ فرمائے۔ آمین
column in urdu, Gilgit baltistan minerals
کچھ تو غلط ہو رہا ہے (لڑکیاں) طہٰ علی تابش




