بلتستان یونیورسٹی شعبہ زولوجی کا پہلا بورڈ آف اسٹیڈیز کا اجلاس
بلتستان یونیورسٹی شعبہ زولوجی کا پہلا بورڈ آف اسٹیڈیز کا اجلاس
اجلاس میں 11 منصوبوں کی توثیق اور منظوری، شعبۂ صدر کی کاوشوں کی تعریف
سکردو(پ ر) بلتستان یونیورسٹی شعبہ زولوجی کا پہلا بورڈ آف اسٹیڈیز کا اجلاس کانفرنس ہال حسین آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈین آف نیچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عبدالمتین، سندھ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر نعیم طارق ناریجو،شعبہ صدر ڈاکٹر محمد علی ، ڈاکٹر غلام رضا، ڈاکٹر مہدی حسن اور ڈاکٹر صدر اسلم شریک ہوئے۔ اجلاس میں صدر شعبہ کی طرف سے 11 منصوبے پیش کئے گئے۔ بورڈ آف اسٹیڈیز کے ممبران نے تمام ایجنڈوں کی توثیق کرتےہوئے منظوری دے دی۔ ممبران نے بی ایس اور ایم ایس زولوجی کی اسکیم آف اسٹیڈیز کی بھی منظوری دے دی۔ علاوہ ازیں بیرونی ممتحنین کی حیثیت سے ملک کے نامی گرامی پروفیسرز پر مبنی ایک فہرست کی بھی توثیق کردی گئی جو صدر شعبہ کی طرف سے پیش کی گئی تھی۔ اجلاس میں سندھ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر نعیم طارق ناریجو سبجیکٹ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے موجو د تھے۔ بورڈ کے ممبران نے اُن کی موجودگی کو شعبہ ہذا کےلئے غنیمت جانا ۔ موصوف نے اپنی قیمتی آراء اور تجاویز سے بورڈ کے ممبران کو آگاہ کیا۔ بورڈ آف اسٹیڈیز کے ممبران نے قرار دیا کہ اپنے قیام کے بعد پہلی بار شعبہ زولوجی نے بڑے اہداف عبور کرلئے۔ ممبران نے صدر شعبہ ڈاکٹر محمد علی کی کاوشوں اور کوششوں کی بے حد تعریف کی۔ اجلاس کے اختتام پر صدر شعبہ نے تمام ممبران خاص طور پر ڈین نیچرل سائنسز ڈاکٹر عبدالمتین اور سندھ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر نعیم طارق ناریجو کا شکریہ ادا کیا۔