آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کی جانب میندی اور ستک روندو میں کسانوں میں چیکس کی تقسیم
آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کی جانب میندی اور ستک روندو میں کسانوں میں چیکس کی تقسیم
Urdu News: AKRSP Baltistan region distribute checks among formers of Rondu
آغا خان رورل سپورٹ پروگرام اور آغاخان فاونڈیشن کے زیر انتظام گلگت بلتستان اور چترال میں موسمی تبدیلی کے اثرات میں تخفیف اور ماحولیاتی تحفظ کے لئے کمیونٹی بلاک پلانٹیشن کے زریعے پانچ لاکھ سے زائد پودے لگا رہے ہیں۔ اس مہم میں بلتستان کے چاروں اضلاع میں بھی بڑے پیمانے پر شجر کاری کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ریجنل پروگرام منیجر صداقت حسین نے ایل ایس او میندی اور ستک روندو کے مختلف کسانوں میں کمیونٹی بلاک پلانٹیشن کے حوالے سے چیکس تقسیم کی دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ریجنل منیجر آغا خان رورل سپورٹ پروگرام، چیرمین ایل ایس او ستک وزیر امتیاز اور میندی ایل ایس او اور علاقائی عمائدین اور نمائندے بھی موقع پر موجود تھے۔ عمائدین علاقہ نے آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کی جانب سے ماحول دوست اقدامات اور عوام کے ساتھ تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔ واضح رہے کہ کمیونٹی بلاک پلانٹیشن میں صرف وہ کسان شامل ہیں جنہوں نے ایک ہی جگہ پر کم سے کم تین ہزار غیر پھلدار درخت لگائے ہیں۔ صداقت حسین نے آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کی جانب سے علاقے میں جاری خدمات پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کسانوں کو مہم کی کامیابی پر مبارکباد پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلتستان کے تمام اضلاع سے کسان اس مہم میں بھر پور شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی بھی ایسے کافی مواقع موجود ہیں جہاں انفراسٹرکچر میں بہتری اور تعمیر نو سے مزید پودے لگائے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے اس اہم منصوبے میں کسانوں کی بھرپور شرکت اور نوجوانوں کی شمولیت کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس میں شامل کسانوں کے ساتھ اے کے آر ایس پی اور مقامی ایل ایس اوز نے خصوصی معاہدے کر رکھے ہیں جس کے ذریعے کسانوں میں دو اقساط میں پودوں کے لئے مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ پہلے پہل پودے لگاتے ہی اور بعد ازاں کامیاب پودوں کی تصدیق کے بعد دوسری قسط ادا کر دی جائے گی۔ وزیر امتیاز اور دیگر عمائدین نے اے کے آر ایس پی کی خدمات کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے جوانوں کو ایل ایس اوز میں مزید فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پودے ایک طرف تو کسانوں کے لئے معاشی طور پر فائدہ مند ہیں دوسری جانب اس سے علاقے کی خوبصورتی بڑھ جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ماحول اور جنگلی حیات کے لئے فائدہ بھی پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرائط پر پورا اترنے والے کسانوں نے معاہدے کے مطابق پودے لگانے کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ ایسے میں اے کے آر ایس پی کی جانب سے مالی معاونت ان کو فوری وسائل کی فراہمی میں مدد دے گی جس سے پودوں کی دیکھ بھال اور حفاظت یقینی ہوجائے گی اور اس سے کامیاب نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔