اسلام آباد وزیر اعلی گلگت بلتستان سے نگران وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سے ملاقات، گلگت بلتستان کیلئے گندم سبسڈی سمیت خطے کو زرعی اجناس میں خودکفیل بنانے کیلئے مختلف تجاویز پر غورو خوض کیا گیا

اسلام آباد وزیر اعلی گلگت بلتستان سے نگران وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سے ملاقات، گلگت بلتستان کیلئے گندم سبسڈی سمیت خطے کو زرعی اجناس میں خودکفیل بنانے کیلئے مختلف تجاویز پر غورو خوض کیا گیا
رپورٹ عابد شگری 5 سی این نیوز
اسلام آباد: وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے نگران وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گلگت بلتستان کیلئے گندم سبسڈی سمیت خطے کو زرعی اجناس میں خودکفیل بنانے کیلئے مختلف تجاویز پر غورو خوض کیا گیا اور خطے کو درپیش گندم ایشو کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے مربوط اقدامات بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر اعلی گلگت بلتستان نے اس موقع پر گلگت بلتستان کیلئے سالانہ 16 لاکھ بوری سبسڈائزڈ گندم فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا اور خطے کو زرعی شعبے میں خودکفیل بنانے اور غذائی اجناس کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے ایگریکلچر سپورٹ فنڈ کی مد میں اضافی گرانٹ فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کر دیا۔ نگران وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ گلگت بلتستان کو سالانہ 16لاکھ بوری سبسڈائزڈ گندم کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے اور زرعی اجناس میں خودکفیل بنانے کیلئے وفاقی حکومت بھر پور تعاون فراہم کریگی اور اس حوالے سے فنڈز کی فراہمی کے علاوہ صوبے کی زرعی شعبے میں پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے پاکستان ایگری کلچر ریسرچ کونسل کو استعدار کار بڑھانے کیلئے سفارشات پیش کرنے کے احکامات دئیے جائینگے۔
وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے گلگت بلتستان کے عوام کیلئے معیاری سبسڈائزڈ گندم اور آٹے کی فراہمی کیلئے 100 فیصد مقامی سطح پر پیدا ہونیوالی گندم کی فراہمی کا بھی مطالبہ کر دیا اور اس موقع پر کہا کہ درآمدی گندم نہ صرف مہنگا پڑتا ہے بلکہ اس کے معیار کے حوالے سے بھی عوامی سطح پر تحفظات پائے جاتے ہیں۔ نگران وفاقی وزیر نے اس حوالے سے کہا کہ گلگت بلتستان کیلئے سو فیصد لوکل گندم کی فراہمی کیلئے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس حوالے سے صوبائی حکومت کی تجاویز پر عملدر آمد یقینی بنایا جائیگا۔
وزیر اعلی نے گلگت بلتستان کیلئے قریبی ہمسایہ ممالک چین اور تاجکستان سے گندم کی فراہمی کیلئے اقدامات بروئے کار لانے پر زور دیا تا کہ عوام کو فوری طور سستے اور معیاری گندم اور آٹے کی ترسیل کیلئے موثر انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔ نگران وفاقی وزیر نے اس حوالے سے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں گندم فراہمی اور ترسیل کیلئے تجاویز پر سنجیدگی سے عملدرآمد کیلئے اقدامات اٹھائے گی۔
Urdu news, Various proposals were discussed to make the region self-sufficient in agricultural commodities,

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں