ضلع شگر کے علاقے برالدو میں ایس کام نیٹ ورک کی بدترین اور ناقص کارکردگی نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار
رپورٹ، 5 سی این نیوز
ضلع شگر کے علاقے برالدو میں ایس کام نیٹ ورک کی بدترین اور ناقص کارکردگی نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس مسلسل متاثر ہے، تاہم تاحال متعلقہ حکام کی جانب سے نہ تو کوئی عملی اقدام اٹھایا گیا ہے اور نہ ہی عوامی شکایات پر توجہ دی گئی ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق ایس کام نیٹ ورک کی مسلسل بندش کے باعث طلبہ آن لائن تعلیم سے محروم ہو چکے ہیں، مریضوں اور ان کے لواحقین کو ایمرجنسی کی صورت میں رابطے میں شدید دشواری کا سامنا ہے، جبکہ سرکاری امور، کاروباری سرگرمیاں اور روزمرہ معاملات بری طرح متاثر ہو کر رہ گئے ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ موجودہ جدید دور میں مواصلاتی سہولیات زندگی کی بنیادی ضرورت بن چکی ہیں، مگر برالدو کے عوام کو دانستہ طور پر اس بنیادی سہولت سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ علاقہ مکینوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایس کام انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ کی خاموشی نے بھی عوامی غصے اور بے چینی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ بارہا شکایات اور درخواستوں کے باوجود مسئلے کا حل نہ نکلنا عوامی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ برالدو کے عوام نے ڈی جی ایس کام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس سنگین صورتحال کا نوٹس لیں، ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں اور علاقے میں موبائل و انٹرنیٹ نیٹ ورک کی مکمل اور مستقل بحالی کو یقینی بنائیں۔ عوام نے واضح الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو وہ احتجاج، دھرنوں اور سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری ایس کام انتظامیہ پر عائد ہوگی۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ اب محض سہولت کا نہیں بلکہ عوامی حقوق کا بن چکا ہے، جسے مزید نظرانداز کرنا حالات کو سنگین رخ پر لے جا سکتا ہے۔
urdu news update, Poor and Substandard Performance of SCOM Network




