ضلع شگر میں خسرہ اور روبیلا جیسی موذی بیماریوں کے انسداد کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے بھرپور مہم کا آغاز
رپورٹ، علی نقی شگری 5 سی این نیوز
ضلع شگر میں خسرہ اور روبیلا جیسی موذی بیماریوں کے انسداد کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے بھرپور مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ڈی ایچ او آفس شگر میں ایک اہم تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر بشیر جان، اسسٹنٹ کمشنر شگر فیصل حیات گوندل، معروف عالم دین شیخ شیر نجفی، سماجی رہنما اخوند ظہیر عباس سمیت علماء کرام، سول سوسائٹی، محکمہ صحت کے حکام اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایچ او ڈاکٹر بشیر جان نے کہا کہ محکمہ صحت شگر خسرہ اور روبیلا کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، اور تمام تر وسائل بروئے کار لا کر اس مہم کو کامیاب بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوران ضلع بھر میں 6 ماہ سے 5 سال تک کی عمر کے 11 ہزار 298 بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔ ڈاکٹر بشیر جان کے مطابق یہ مہم 17 سے 29 نومبر تک جاری رہے گی، جس کے لیے شگر کی 9 یونین کونسلز میں ویکسینیشن ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین لگائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خسرہ ایک خطرناک بیماری ہے جو نمونیا اور موت کا سبب بن سکتی ہے، جبکہ ایک متاثرہ بچہ 16 دیگر بچوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شگر فیصل حیات گوندل نے کہا کہ صحت مند مستقبل ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ جبکہ شیخ شیر نجفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کے لیے کی جانے والی کوششیں قابلِ تحسین ہیں، اور عوام کو چاہیے کہ وہ اس قومی مہم میں بھرپور حصہ لے کر شگر کو ان بیماریوں سے پاک ضلع بنائیں۔ تقریب کے اختتام پر علمائے کرام، سول سوسائٹی اور مقامی نمائندوں نے محکمہ صحت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ناول: کزن دوست ، شمائل عبداللہ
شگر کی تعمیر میں قیادت کا کردار، سلیم بیتاب شگری
کتابیں ہماری بہترین دوست کیوں ہیں ، عالیہ پروین پبلک سکول اینڈ کالج سکردو
urdu news update, Health Department Launches Major Campaign




