طلبہ و طالبات کے لیے ایک اہم تعلیمی اقدام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد ہی فری اسکالرشپ ٹیسٹ کا انعقاد کیا جائے گا، بنتِ حوا فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن ایڈوکیٹ کلثوم ایلیا شگری
رپورٹ، 5 سی این نیوز
شگر بنتِ حوا فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن ایڈوکیٹ کلثوم ایلیا شگری نے شگر کے طلبہ و طالبات کے لیے ایک اہم تعلیمی اقدام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد ہی فری اسکالرشپ ٹیسٹ کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں کامیاب امیدواروں کو شگر سینٹر کے تحت مفت تعلیمی کلاسز فراہم کی جائیں گی۔ اعلان کے مطابق یہ کلاسز مکمل طور پر بلا معاوضہ ہوں گی، تاہم ان میں داخلہ صرف اسکالرشپ ٹیسٹ میں کامیابی سے مشروط ہوگا۔ ان کلاسز میں طلبہ و طالبات کو جدید دور کی ضروریات کے مطابق انگریزی زبان اور کمپیوٹر اسکلز کی منظم تربیت دی جائے گی، تاکہ نوجوان تعلیمی و عملی میدان میں زیادہ مؤثر انداز میں آگے بڑھ سکیں۔ منتظمین نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد علاقے کے طلبہ کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا، انہیں خود اعتمادی فراہم کرنا اور مستقبل میں خود کفیل بنانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ مزید تفصیلات اور ٹیسٹ کی حتمی تاریخ کا اعلان جلد کر دیا جائے گا، جس سے تمام طلبہ کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔ علاقے کے تعلیمی حلقوں نے اس اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ یہ منصوبہ شگر کے نوجوانوں کے لیے بہتر تعلیمی امکانات اور ترقی کے نئے دروازے کھولے گا۔
urdu news update, Bint-e-Hawa Foundation Announces Free Scholarship




