گلگت بلتستان کے 10 اضلاع میں 2 اکتوبر سے 6 روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہوگا
گلگت بلتستان کے 10 اضلاع میں 2 اکتوبر سے 6 روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہوگا
urdu news update
گلگت بلتستان کے 10 اضلاع میں 2 اکتوبر سے 6 روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہوگا، جس کے دوران 5 سال سے کم عمر تقریباً ڈھائی لاکھ سے زائد بچوں کو گھر گھر جا کر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوائے جائیں گے اور ساتھ ہی وٹامن۔A کی خوراک بھی دی جائے گی۔
سیکریٹری داخلہ کیپٹن (ر) سید علی اصغر کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسدادِ پولیو کے ایک اہم اجلاس میں تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ انسداد پولیو کی مہم موثر اور منظم انداز میں شروع کی جائے تاکہ مطلوبہ نتائج کا حصول یقینی بنایا جا سکے۔ صوبائی سیکریڑی داخلہ کو پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ میں 2 اکتوبر سے شروع ہونیوالی انسداد پولیو مہم کیلئے کی جانیوالی تیاری، عملے کی تربیت اور دیگر اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
سیکریٹری داخلہ نے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو پولیوٹیموں کی سیکیورٹی یقینی بنانے سمیت عوامی مراکز، نجی اور سرکاری سکولوں، ہسپتالوں، بس اڈوں اور گلگت بلتستان کے داخلی اور خارجی راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے گاڑیوں میں موجود 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لانے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
صوبائی سیکریٹری داخلہ نے اس موقع پر مزید کہا ہے کہ صوبائی حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے گلگت بلتستان کو پولیو وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے مربوط حکمت عملی وضع کر رہی ہے۔ گلگت بلتستان میں عوامی تعاون سے اس مہلک مرض کے پھیلاو کو روکا گیا ہے اور حکومتی سطح پر موثر اقدامات کے سبب صوبے بھر میں گزشتہ کئی سالوں میں کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی نئی نسل کو پولیو سے محفوظ رکھنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور اس موذی مرض کے خاتمے کیلئے علمائے کرام، سول سوسائٹی اور میڈیا سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو منظم کردار ادا کرنا ہوگا اور والدین کو بھی اپنے بچوں کو وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون ناگزیر ہے۔