آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے اشتراک سے ہینڈز انڈیپنڈنٹ لیونگ سینٹر گلگت میں خصوصی بچوں کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کی
آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے اشتراک سے ہینڈز انڈیپنڈنٹ لیونگ سینٹر گلگت میں خصوصی بچوں کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کی
گلگت : محکمہ سماجی بہبود و ترقی نسواں اور امجد ندیم فاونڈیشن نے آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے اشتراک سے ہینڈز انڈیپنڈنٹ لیونگ سینٹر گلگت میں خصوصی بچوں کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا، جس میں صوبائی وزیر سماجی بہبود و حقوق نسواں دلشاد بانو، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا، سیکریٹری سماجی بہبود و ترقی نسواں فدا حسین، سیکریٹری ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن ولی خان، گلگت بلتستان بھر سے خصوصی افراد کی تنظیموں کے نمائندے، سول سوسائٹی کے ارکان اور متعلقہ محکموں کے آفیسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کے حوالے سے سماجی رویوں کو بدلنے کیلئے سب کو انفرادی اور اجتماعی سطح پر کردار ادا کرنا ہوگا، ہر انسان کسی نہ سطح پر محرومی کا شکار ہے لیکن ان محرومیوں کو کمزوری بنانے کے بجائے طاقت بنانا چاہئے۔ ہمارے معاشرے کا المیہ یہ ہے کہ ہم تمام مسائل کے حل کیلئے حکومت کو ذمہ دار قرار دیکر انفرادی اور اجتماعی سطح پر منظم کردار ادا کرنے سے احتراز کرتے ہیں حالانکہ ترقی یافتہ ممالک میں بھی حکومتوں کے پاس محدود وسائل ہوتے ہیں اور نجی شعبے سمیت تمام بااثر طبقے کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ خصوصی افراد کے حقوق کے حوالے سے معاشرے کی بہتر سمت کا تعین ضروری ہے تاکہ وہ کارآمد شہری بنکر احساس محرومی کا تدارک کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ خواب دیکھتے ضرور ہیں لیکن خواب بیچنے پر یقین نہیں رکھتے اور اپنے فرائض منصبی کو نیک نیتی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے بروئے کار لانے کیلئے کردار ادا کرتے رہینگے۔ انہوں نے سویٹ ہوم کو دارلامان کی نئی عمارت میں منتقل کرنے سمیت خصوصی افراد کیلئے عوامی مقامات اور عمارتوں تک رسائی آسان بنانے کیلئے تعمیرات کے ضابطوں پر عملدر آمد کی بھی یقین دہانی کروائی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود و ترقی نسواں دلشاد بانو نے کہا کہ معاشرے کے خصوصی افراد ہم سب کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر خصوصی کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نےچیف سیکریٹری گلگت بلتستان کو سویٹ ہوم کے بچوں کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی اقدامات بروئے کار لانے پر زور دیا۔
سیکریٹری سماجی بہبود و اطلاعات فدا حسین نے اس موقع پر اپنے خطاب میں محکمہ سماجی بہبود و ترقی نسواں کی جانب سے صنفی تشدد کے حوالے سے خصوصی مہم کے علاوہ خصوصی بچوں اور انسانی حقوق کیلئے محکمے کی جانب سے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ سماجی بہبود خصوصی بچوں کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کیلئے انہیں مختلف ہنر اور مہارتیں سکھانے کیلئے اہم منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔
تقریب سے خصوصی بچوں کی تنظیموں کے سمیت سماجی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے رہنماوں نے بھی خطاب کیا اور خصوصی بچوں کے حقوق کے حوالے سے معاشرتی رویوں کی تبدیلی پر زور دیا۔ تقریب کے بعد چیف سکریٹری گلگت بلتستان نے انڈیپنڈنٹ لیونگ سینٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے کی یقین دہانی کروائی
Urdu news Pakistan, International Day of Special Children