ہنزہ میں نوجوانوں میں مثبت رویوں کے فروغ اور ذہنی صحت کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کیلئے سمپوزیم کا اہتمام کیا
ہنزہ میں نوجوانوں میں مثبت رویوں کے فروغ اور ذہنی صحت کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کیلئے سمپوزیم کا اہتمام کیا
رپورٹ عابد شگری 5 سی این نیوز
ہنزہ :،محکمہ سوشل ، پاپولیشن ویلفئیر اینڈ ویمن ڈویلپمنٹ گلگت بلتستان نے آغا خان فاونڈیشن، آغا خان ہیلتھ سروسز اور آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے اشتراک سے ہنزہ میں نوجوانوں میں مثبت رویوں کے فروغ اور ذہنی صحت کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کیلئے سمپوزیم کا اہتمام کیا۔ گلگت ڈویژن کے تین اضلاع گلگت، ہنزہ اور غذر میں سمپوزیم کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں میں تعمیری سوچ کو پروان چڑھانے اور انہیں ذہنی تناو اور منفی سرگرمیوں سے دور کرنے کیلئے جامع حکمت عملی اور سفارشات تیار کرنا ہے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سیکریٹری سوشل ویلفئیر اینڈ یوتھ افئیرز فدا حسین نے کہا کہ نوجوانوں کو ذہنی صحت کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے اور معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کیلئے مثبت سماجی اقدار اور رویوں کو فروغ دینا ہوگا۔ نوجوان نسل ہمارے مستقبل کا سرمایہ اور امید کے چراغ ہیں اور انہیں بہتر تعلیم و تربیت اور صحت مندانہ سرگرمیوں کی سہولیات فراہم کرکے انہیں مایوسی کے دلدل سے نکال سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ سوشل اینڈ پاپولیشن ویلفئیر اینڈ یوتھ افئیرز نوجوانوں کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے یوتھ پالیسی کو حتمی شکل دے رہا ہے اور پالیسی پر عملدر آمد سے نہ صرف نوجوانوں کے مسائل حل ہونگے بلکہ وہ بہتری تعمیری سوچ کے ساتھ ملک کے مسائل کے حل کیلئے پرجوش کردار ادا کرینگے۔
صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود و حقوق نسواں دلشاد نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید دور کے چیلنجز اور مسائل نوجوانوں میں ڈپریشن کے فروغ کا سبب بن رہے ہیں اور مثبت سوچ بروئے کار لا کر نوجوان اپنی قسمت بدل سکتے ہیں۔ ملک کے معاشی، سیاسی اور سماجی حالات کی وجہ سے نوجوان ذہنی تناو کا شکار ہو جاتے ہیں اور انکی درست سمت میں رہنمائی اور تعمیری سرگرمیوں کے فروغ سے عدم برداشت اور مایوسی کا خاتمہ ممکن ہے۔ صوبائی حکومت نوجوانوں کو اعلی تعلیم سمیت بہتر مستقبل کیلئے رہنمائی فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی اور ہم اپنے مستقبل کے معماروں پر سرمایہ کاری سے ہی تعمیر و ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں۔
سمپوزیم سے شعبہ تعلیم اور صحت کے ماہرین ، سول سوسائیٹی اور انسانی حقوق کے رہنماوں نے بھی خطاب کیا اور نوجوانوں میں تعمیری اور مثبت سوچ کے فروغ کیلئے حکومت سمیت والدین، اساتذہ اور کمیونٹی کو موثر کردار ادا کرنے پر زور دیا۔
Urdu news, Organized a symposium in Hunza to promote positive attitudes and provide awareness about mental health among youth.