شگر چرواہے کی حاضر دماغی سے درجنوں افراد کی جانیں بچ گئیں، منظور حسین کی فوری اطلاع سے گلاب پور شگر میں بڑا سانحہ ٹل گیا
رپورٹ، 5 سی این نیوز
شگر چرواہے کی حاضر دماغی سے درجنوں افراد کی جانیں بچ گئیں، منظور حسین کی فوری اطلاع سے گلاب پور شگر میں بڑا سانحہ ٹل گیا ضلع شگر کے نواحی علاقے چھومک گلاب پور میں حالیہ گلیشئر پھٹنے اور سیلاب کے خطرے کے دوران ایک مقامی چرواہے منظور حسین نے غیر معمولی حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاؤں کے درجنوں افراد کی جانیں بچا لیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی گلاب پور کے صدر محمد شریف نے واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ چرواہا منظور حسین چراگاہ میں موجود تھا جب اسے گلیشئر میں دراڑ اور پانی کے غیر معمولی بہاؤ کا احساس ہوا۔ اس نے فوری طور پر گاؤں کا رخ کیا اور بروقت اطلاع دے کر مقامی آبادی کو سیلاب کے خطرے سے آگاہ کیا۔ محمد شریف نے کہا کہ اگر منظور حسین بروقت اطلاع نہ دیتا تو گاؤں کے کئی گھرانے اور افراد اس اچانک سیلاب کی لپیٹ میں آ سکتے تھے۔ اس کی بروقت کارروائی نے ایک بڑا انسانی المیہ ٹال دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق منظور حسین کی اطلاع کے بعد لوگ فوری طور پر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو گئے، جس کی بدولت کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے چرواہے کی جرات کو سراہتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ منظور حسین کو سرکاری سطح پر ایوارڈ سے نوازا جائے اور اس کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ ایسے باہمت شہریوں کی خدمات کو تسلیم کیا جا سکے۔
urdu news, land sliding in gilgit baltistan, urdu news, land sliding in gilgit baltistan