اورکزئی ، فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی اسپانسرڈ 19 خوارج ہلاک، لیفٹیننٹ کرنل اور میجر سمیت 11 جوانوں نے جام شہادت نوش کیے
رپورٹ، 5 سی این نیوز
اورکزئی ، فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی اسپانسرڈ 19 خوارج ہلاک، لیفٹیننٹ کرنل اور میجر سمیت 11 جوانوں نے جام شہادت نوش کیے، خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل اور میجر سمیت 11 فوجی جوان شـہید ہوگئے، کارروائی کے دوران 19 خوارج کو واصل جہنم کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں انٹیلی کی بنیاد پر کارروائی کی گئی جس میں بھارتی پراکسی ’فتنۃ الخوارج‘ سے تعلق رکھنے والے 19 بھارتی حمایت یافتہ خوارج واصل جہنم کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے ضلع راولپنڈی کے رہائشی 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف اور ان کے سیکنڈ ان کمانڈ ضلع راولپنڈی کے رہائشی 33 سالہ میجر طیب راحت بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے، جھڑپ میں دیگر 9 جوان بھی شہید ہوگئے۔
شہادت پانے والے نو بہادر سپاہیوں میں ضلع خیبر کے رہائشی 38 سالہ نائیک صوبیدار اعظم گل، ضلع کرم کے رہائشی 35 سالہ نائیک عادل حسین، ضلع ٹانک کے رہائشی 34 سالہ نائیک گل عامر، ضلع مردان کے رہائشی 31 سالہ لانس نائیک شیر خان، ضلع مانسہرہ کے رہائشی 32 سالہ لانس نائک تالش فراز، ضلع کرم کے رہائشی 32 سالہ لانس نائک ارشد حسین، ضلع مالاکنڈ کے رہائشی 28 سالہ سپاہی طفیل خان، ضلع صوابی کے رہائشی 23 سالہ سپاہی عاقِب علی، اور ضلع ٹانک کے رہائشی 24 سالہ سپاہی محمد زاہد شامل ہیں۔
urdu news, Khawarij killed