14 ستمبر کو نالے میں مبینہ چھلانگ لگا کر لاپتا خاتون ڈاکٹر کا سراغ نہ لگ سکا، شوہر کو گرفتار کر دیا
رپورٹ 5سی این نیوز
کراچی 14 ستمبر کو گلشن اقبال کے برساتی نالے میں مبینہ طور پر چھلانگ لگا کر لاپتا ہونے والی خاتون ڈاکٹر کا سراغ نہ لگ سکا۔
تفصیلات کے مطابق ایک ہفتے قبل کراچی کے علاقے گلشن اقبال، اسکاؤٹ کالونی میں برساتی نالے میں مبینہ طور پر 26 سالہ خاتون ڈاکٹر مشعل کریم کی لاش بہت تلاش کے بعد بھی نہیں مل سکی ہے، جب کہ پولیس نے خاتون کے والد کی مدعیت میں تھانہ مبینہ ٹاؤن میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور شوہر حسنین کو گرفتار کر لیا ہے۔
مدعی نے کہا داماد کا بینک میں کام کرنے والی ملازمہ کے ساتھ تعلقات تھے، حسنین میری بیٹی پر تشدد بھی کرتا تھا، بیٹی نے ذہنی اذیت میں آ کر نالے میں چھلانگ لگائی۔
ایف آئی آر کے مطابق والد نے کہا واقعے پر داماد سے رابطہ کیا تو اس کا نمبر بند رہا اور وہ گھر سے بھی چلا گیا تھا، پتا چلا کہ حسنین واقعے کی معلومات کے باوجود بھی موقع پر نہیں پہنچا تھا۔
مشعل کے والد نے بتایا کہ پولیس نے پارک سے ایک خون آلود پیور ٹائیل قبضے میں لیا ہے، جس کے بعد پولیس نے میرا ڈی این اے لیا ہے۔ مشعل کریم کی تلاش میں ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے، میری بیٹی کے اس قدم کی وجہ حسنین کی دوسری شادی کرنا ہے۔
پولیس نے چند دن قبل بتایا تھا کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب عینی شاہدین نے ڈاکٹر مشعل کو نالے میں کودتے دیکھا تھا۔ جس کے بعد ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آپریشن شروع کیا، ریسکیو اداروں کے غوطہ خوروں کی جانب سے کئی دن تک تلاش کے بعد بھی لاش نہیں مل سکی ہے۔ ڈاکٹر مشعل نے دو سال قبل پسند کی شادی کی تھی۔
Urdu news, Karachi news updates