گلگت سیکریٹری داخلہ کی زیر صدارت یکم نومبر جشن آزادی گلگت بلتستان کے حوالے سے منانے پر خصوصی اجلاس

گلگت سیکریٹری داخلہ کی زیر صدارت یکم نومبر جشن آزادی گلگت بلتستان کے حوالے سے منانے پر خصوصی اجلاس
رپورٹ عابد شگری 5 سی این نیوز
گلگت سیکریٹری داخلہ کیپٹن (ر) سید علی اصغر کی زیر صدارت یکم نومبر جشن آزادی گلگت بلتستان کی مناسبت سے تقریب میں وزیر اعظم پاکستان کی آمد اور دیگر انتظامات کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات فدا حسین، سیکریٹری برقیات سجاد حیدر، سیکریٹری سروسز محمد اعظم، سیکریٹری ٹوگورنر احسان علی، ایڈیشنل سیکرٹری وزیر اعلی ذاکر حسین، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ عباس علی خان ، کمشنر گلگت ڈویژن کمال الدین قمر، ڈی آئی جی گلگت مرزا حسن، ڈپٹی کمشنر گلگت امیر اعظم حمزہ سمیت قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اعلی عہدیداروں اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر آفیسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ ہر سال کی طرح امسال بھی یکم نومبر قومی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منایا جائیگا، صوبہ بھر میں تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا اور یکم نومبر کو صبح 9 بجے مرکزی تقریب چنار باغ گلگت میں منعقد کی جائیگی، جہاں پرچم کشائی کی تقریب ہوگی اور جنگ آزادی کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا جائیگا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سیکریٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی آزادی کیلئے یہاں کے عوام نے بے سروسامانی کی حالت میں حریت و عزیمت کی شاندار تاریخ رقم کی اور ڈوگرا سامراج سے خطے کو آزاد کروایا۔آزاد قومیں اپنی آزادی کا دن قومی جوش و خروش اور ولولے سے مناتی ہیں اور اپنے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتی ہیں۔ گلگت بلتستان کا یوم آزادی بھی یادگار اور منفرد طریقے سے منا یا جائیگا۔
Urdu news, Gilgit-Baltistan’s special meeting on 1st November Independence Day

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں