شگر مجلس وحدت المسلمین ضلع شگر کے صدر حجت الاسلام شیخ کاظم زاکری کی ہدایت پر ڈپٹی جنرل سیکریٹری علی اوسط ارمانی نے زیر تعمیر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شگر کا تفصیلی دورہ
شگر مجلس وحدت المسلمین ضلع شگر کے صدر حجت الاسلام شیخ کاظم زاکری کی ہدایت پر ڈپٹی جنرل سیکریٹری علی اوسط ارمانی نے زیر تعمیر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شگر کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام سے منصوبے کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ بھی لی۔علی اوسط ارمانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال عوام کی بنیادی ضرورت ہے جس کی بروقت تکمیل نہ ہونے سے ہزاروں مریض مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں کے سخت موسم میں مریضوں کو علاج معالجے کے لیے سکردو اور دیگر اضلاع کا سفر کرنا پڑتا ہے، جو نہ صرف مالی بوجھ کا باعث ہے بلکہ مریضوں کی زندگی کے لیے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ موسم سرما سے قبل شگر کے عوام کو اپنے گھر کی دہلیز پر علاج کی سہولت فراہم ہوسکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ صحت کی سہولت ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے حکام بالا سے پرزور مطالبہ کیا کہ منصوبے کی رفتار تیز کی جائے، فنڈز کے اجراء میں مزید تاخیر نہ کی جائے اور ہسپتال کو جدید سہولیات کے ساتھ جلد از جلد عوام کے لیے کھولا جائے تاکہ شگر کے عوام کو درپیش مشکلات کا مستقل حل نکل سکے۔
