شگر ویمن مسلم لیگ لاہور کی جانب سے چھومک گلاب پور کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے خصوصی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔
رپورٹ، 5 سی این نیوز
شگر ویمن مسلم لیگ لاہور کی جانب سے چھومک گلاب پور کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے خصوصی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ اس سلسلے میں سیکرٹری جنرل ویمن مسلم لیگ عفت سعید کی سربراہی میں خواتین پر مشتمل ایک وفد متاثرہ علاقوں کے دورے پر پہنچا۔ وفد نے متاثرہ خواتین اور خاندانوں سے ملاقات کی اور ان میں ضروری امدادی اشیاء تقسیم کیں۔ امداد میں کھانے پینے کا سامان، گھریلو ضروریات کی اشیاء، چولہے، آٹا، برتن، گرم کپڑے اور رضائیاں شامل تھیں۔ اس کے ساتھ ساتھ متاثرین کے لیے کھانے کا باقاعدہ انتظام بھی کیا گیا تاکہ مشکل حالات میں انہیں سہولت فراہم ہو۔ پانی کی قلت کو مدنظر رکھتے ہوئے وفد کی جانب سے متاثرہ گاؤں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے ایک واٹر ٹینکی بھی تعمیر کی گئی۔ متاثرہ افراد کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا جس میں آر ایچ سی گلاب پور کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عباس علی شاہ نے مریضوں کا معائنہ کیا اور انہیں مفت ادویات فراہم کیں۔ خواتین، بچوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد نے کیمپ سے استفادہ کیا۔ عفت سعید نے متاثرہ خواتین سے تفصیلی گفتگو کی اور ان کے مسائل بھی سنے۔ خواتین نے انہیں اپنی مشکلات اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا جن میں گھروں کی تباہی، روزگار کا خاتمہ، اشیائے خورونوش کی قلت اور علاج معالجے کی کمی شامل تھی۔ اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ بلتستان ریجن کے ذمہ دار عبد الرشید ترابی بھی موجود تھے جنہوں نے ویمن مسلم لیگ لاہور کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ویمن مسلم لیگ لاہور کی سیکرٹری جنرل عفت سعید نے کہا کہ وہ صرف امداد ہی نہیں بلکہ متاثرین کی دلجوئی اور حوصلہ افزائی کے لیے یہاں آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی حالت زار دیکھ کر گہرا افسوس ہوا ہے، ہمیں ان کی مشکلات کا بھرپور احساس ہے اور اسی جذبے کے تحت لاہور سے خواتین پر مشتمل وفد کے ساتھ یہاں پہنچی ہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور آئندہ بھی ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔متاثرہ گاؤں کے عوام نے ویمن مسلم لیگ لاہور، عفت سعید اور مرکزی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ان کی آمد نے متاثرین کے دلوں کو حوصلہ دیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دیگر فلاحی ادارے اور تنظیمیں بھی اسی طرح متاثرین کے ساتھ تعاون کریں گی۔