ایک خاتون کی تربیت پورے معاشرے کی تربیت ہے، ڈاکٹر صابر علی وزیریؔ
ایک خاتون کی تربیت پورے معاشرے کی تربیت ہے، ڈاکٹر صابر علی وزیریؔ
رپورٹ عابد شگری 5 سی این
تربیت یافتہ خاتون اپنی گود میں ایک بچے کو نہیں بلکہ ایک پوری نسل کو پال رہی ہوتی ہے
معاشرتی اِرتقاء میں خواتین کا نمایاں کردار ہے،الزہرا کالج میں منعقدہ پروگرام سے خطاب
سکردو بلتستان یونیورسٹی شعبہ ایجوکیشنل ڈیویلپمنٹ کے صدر ڈاکٹر صابر علی وزیریؔ نے کہا کہ خواتین ایک مکمل معاشرے کی عکاس ہوتی ہیں۔ ایک خاتون کی صحیح تربیت گویا ایک پورے معاشرے کی تربیت ہے۔ وہ یہاں الزہرا کالج میں منعقدہ تقریب سے کلیدی مقرر کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے۔ ڈاکٹر صابر علی وزیریؔ نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی اور تہذیب میں خواتین کا نمایاں کردار ہوتا ہے۔ خواتین چونکہ ہمارے معاشرے کی لازم حصہ ہیں، اِن کے بغیر نہ معاشرتی باریکیاں مکمل ہوتی ہیں اور نہ ہی انسانیت کو کامل کہاجاسکتا ہے۔ اُنہوں نے الزہرا کالج کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پورے بلتستان میں یہ واحد ادارہ ہے جہاں دین و دنیا دونوں قسم کی تعلیم میسر ہے اور ایک ہی چھت کے نیچے دین و دُنیا کا حسین امتزاج دیکھنے کو مل رہا ہے۔ الزہرا کالج کا خطہ بلتستان میں تعلیم کی ترسیل اور دین کی درست شناخت میں بہت بڑا کردار ہے۔ یہ ادارہ اُن خواتین کی تربیت کا باعث بن رہا ہے جو معاشرتی ساخت کو سنورنے کا کام بخوبی نبھارہی ہیں۔ ڈاکٹر صابر علی وزیریؔ نے مزید کہا کہ آج دُنیا میں صنفی تعلیم کے نعرے تو بلند ہورہےہیں لیکن اُن نعروں کو عملی جامہ پہنانے کےلئے اُن کے پاس نہ رہنماء اُصول ہیں اور نہ ہی بنیادملتی ہے۔ دُنیا میں واحد اسلام ہے جس نے مرد و خواتین کے فرائض اور تعلیم کے حصول کے ذرائع متعین کررکھے ہیں۔ اسلام نے جہاں مردوں کو تعلیم کے حصول میں آزاد رکھا وہی خواتین کےلئے تعلیم کے حصول کو لازمی قرار دیا۔ ڈاکٹر صابر علی وزیریؔ نے تعمیری تعلیم کی ترسیل اور بہترین تربیت کی فراہمی میں نمایاں کردار ادا کرنے پر الزہرا کالج کی انتظامیہ کو مبارک باد پیش کی اور توقع ظاہر کی کہ یہ ادارہ مستقبل میں بھی اپنے فرضِ منصبی کو جاری و ساری رکھے گا۔
urdu news, education of a woman is the education of the whole society