کھرمنگ بوائے ہائی سکول مادھوپور میں غاسنگ تا ہلال آباد سٹوڈنٹس آرگنائزیشن رجسٹرڈ کے زیر اہتمام انٹر اسکول کوئز کمپیٹیشن کے تقسیم انعامات اور سالانہ سائنس پروجیکٹس ایکزیبیشن کے سلسلے میں ایک شاندار اور پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
رپورٹ، اقبال تبانی 5 سی این نیوز
یہ تقریب نہ صرف ایک علمی سرگرمی تھی بلکہ علاقے میں تعلیمی بیداری اور سائنسی شعور کو اجاگر کرنے کی کامیاب کوشش بھی ثابت ہوئی۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر کھرمنگ معراج عالم، ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن سر سید مبشر حسن، ڈی ڈی او طولتی اختر حسین، سابق ڈی ڈی او طولتی محمد رضا، پرنسپل اسوہ پبلک سکول و امام جمعہ طولتی شیخ عابد حسین حافظی، نائب امام جمعہ سادات گوھری سید عباس کاظمی اور صدرِ تقریب امام جمعہ مرکزی جامع مسجد سادات گوھری و صدر انجمن امامیہ کھرمنگ علامہ سید علی الموسوی شریک ہوئے۔ اس موقع پر معزز عمائدین، اساتذہ، میڈیا نمائندگان، ویمن ونگ کے اراکین اور مختلف سرکاری و نجی سکولوں کے طلبا و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی جس نے تقریب کو ایک تاریخی رنگ دیا۔
صدر غاسنگ تا ہلال آباد سٹوڈنٹس آرگنائزیشن سید اصغر شاہ نے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ یہ پروگرام نئی نسل کو علمی میدان میں آگے بڑھانے، ان میں تحقیقی و تخلیقی رجحان پیدا کرنے اور ایک روشن مستقبل کے لیے تیار کرنے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے تمام مہمانان، میڈیا اور معاونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تنظیم آئندہ بھی تعلیمی میدان میں اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
مہمانانِ خصوصی نے اپنے خطابات میں تنظیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے علمی و سائنسی مقابلے طلبا و طالبات کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہیں اور انہیں معاشرے کے کارآمد شہری بنانے میں مدد دیتے ہیں۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ علاقے میں تعلیم کے فروغ اور تحقیقی جذبے کو پروان چڑھانے کے لیے ایسی سرگرمیوں کا تسلسل وقت کی اہم ضرورت ہے
urdu news, Competition and the Annual Science Projects Exhibition
