چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے دیامر کے دوروزہ دورے پر چلاس پہنچنے کے بعد مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے دیامر کے دوروزہ دورے پر چلاس پہنچنے کے بعد مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا
رپورٹ عابد شگری 5 سی این نیوز
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے دیامر کے دوروزہ دورے پر چلاس پہنچنے کے بعد مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر سیکریٹری تعمیرات عامہ سبطین احمد، سیکریٹری سکول ایجوکیشن ضمیر عباس اور ڈپٹی کمشنر دیامر کیپٹن(ر) عارف احمد سمیت دیگر سرکاری حکام بھی ہمراہ تھے۔۔چیف سیکریٹری نے ریجنل ہیڈکوارٹرچلاس سمیت زیر تعمیر دوسو بیڈ اسپتال پر ہونیوالی تعمیراتی پیشرفت کا معائنہ کیا۔ انہوں نےہسپتال کے گراؤنڈ فلور پر میڈیکل ایمرجنسی، فرسٹ فلور پر نئے بچہ وارڈ اور زیر تعمیر بلڈنگ کا معائنہ کیا اور تعمیراتی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کا حکم دیا ۔ اس موقع پر ریجنل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں چلاس کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکڑ محمد اقبال اور چیف انجینئر دیامر استور ڈویژن وزیرغلام رسول اور ایگزیکٹو محکمہ تعمیرات عامہ دیامرنے شاہد علی زیر تعمیر دو سو بیڈ ہسپال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے اس موقع پر زیر تعمیر ہسپتال کا تعمیراتی کام معیاری بنیادوں پر جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور پیرامیڈیکل سٹاف کے مسائل حل کرنے کی یقین دھانی بھی کروائی ۔
بعد ازاں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے رونئی گرلز سکول کا بھی دورہ کیا اور ناقص کارکردگی پر ایگزیکٹو انجینئر محکمہ تعلیم کو معطل کرتے ہوئے متعلقہ محکمے کو معیاری تعمیر یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے کہا کہ محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کے ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی،صحت عامہ اور تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جائیگی۔ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے کیڈٹ کالج چلاس کا بھی دورہ کیا اور پرنسپل سے ترقیاتی اور تعلیمی امور پر بریفنگ لی۔
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے چلاس میں گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کے زیر نگرانی ایمپلائمنٹ سکل ڈویلپمنٹ سنٹر کا بھی افتتاح کیا۔اس موقع پر جی بی آر ایس پی کے جنرل منیجر اشفاق احمد نے سنٹر کو فعال بنا کے نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کرکے روزگار کے مواقع پیدا کرنے سمیت دیگر اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے چلاس میں مختلف سرکاری محکموں کے سربراہوں کے اجلاس کی صدارت بھی کی اور سرکاری امور کو فرض شناسی سے ادا کرنے سمیت ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی
۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان سے دیامر کے مختلف عوامی وفود نے بھی ملاقات کی اور حالیہ گندم ایشو ،بجلی،صحت اور متاثرین ڈیم کے مسائل سے آگاہ کیا۔چیف سیکریٹری نے عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دھانی کروائی۔ چیف سیکریٹری سے دیامر پریس کلب کے وفد نے بھی ملاقات کی اور علاقے کے مسائل کی نشاندہی کی جس پر چیف سیکریٹری نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔
urdu news, Chief Secretary Gilgit-Baltistan reviewed various development projects after reaching Chilas on a two-day visit to Diamar.