شگر ایورنیس فورم اور بازار کمیٹی کے زیر اہتمام حسینی چوک مرکنجہ میں ولادت باسعادت حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ اور حضرت امام جعفر صادقؑ کے پرمسرت موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا
شگر ایورنیس فورم اور بازار کمیٹی کے زیر اہتمام حسینی چوک مرکنجہ میں ولادت باسعادت حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ اور حضرت امام جعفر صادقؑ کے پرمسرت موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز نعتِ رسول مقبول ﷺ اور منقبت کی پرکیف پیشکش سے کیا گیا جس نے سماں باندھ دیا۔ اس موقع پر چیئرمین ایورنیس فورم شگر، اخون ظہیر نے خطاب کرتے ہوئے مبارک موقع کی مناسبت سے تمام حاضرین کو مبارکباد پیش کی اور شگر کے مسائل پر گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ شگر میں بجلی کی شدید لوڈشیڈنگ کے باوجود بلتستان یونیورسٹی کو بجلی فراہم کی جارہی ہے جو سراسر ناانصافی ہے۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ بلتستان یونیورسٹی میں شگر سے ایک فرد کو بھی بھرتی نہیں کیا گیا، یہاں تک کہ چوکیدار کی آسامی بھی مقامی افراد کو نہیں دی گئی۔ یہ رویہ شگر کے عوام کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔ اخون ظہیر نے مطالبہ کیا کہ جب تک شگر میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہیں کیا جاتا، تب تک بلتستان یونیورسٹی کو بجلی فراہم نہ کی جائے۔ مزید کہا گیا کہ گزشتہ روز چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کے دورۂ شگر کے دوران سول سوسائٹی نے ملاقات کے لیے وقت مانگا لیکن موقع نہیں دیا گیا، جو قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ اگر چیف سیکریٹری یا وزیر اعلیٰ شگر کا دورہ کریں گے تو شگر کے عوام اپنے مطالبات براہِ راست ان تک پہنچائیں گے اور کسی اجازت کے منتظر نہیں رہیں گے۔تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور یہ بابرکت محفل دعا اور درود و سلام کے ساتھ پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی۔
urdu news, birth of Hazrat Muhammad Mustafa (PBUH)
