اسکردو ، بلتستان یونیورسٹی، شعبہ ریاضی کے تحت تعارفی نشست کا اہتمام
اسکردو ، بلتستان یونیورسٹی، شعبہ ریاضی کے تحت تعارفی نشست کا اہتمام
urdu news, Baltistan University conduct introduction session in math department
سمسٹرخزاں 2023ء کے طلبہ کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی، نشست کے منتظم ڈاکٹر محمد یونس تھے
سکردو ، بلتستان یونیورسٹی شعبہ ریاضی کے تحت ایک تعارفی نشست کا اہتمام انچن کیمپس آڈیٹوریم میں ہوا۔ نشست کے انعقاد کا مقصد سمسٹر خزاں 2023ء کے طلباء و طالبات کو خوش آمدید کہنا تھا اور اُنہیں جامعہ ہذا خاص طور پر شعبہ جاتی قواعد و ضوابط سے آگاہ کرنا تھا۔ تعارفی نشست کے منتظم ڈاکٹر محمد یونس تھے۔ اُنہوں نے گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے طلباء و طالبات کو خوش آمدید کہا اور اِس قسم کی منفرد تقریب کے انعقاد کو شعبہ ریاضی کا خاصا قرار دیا۔ڈاکٹر محمد یونس نے اپنی گفتگو میں ناصحانہ کلمات کو پیش نگاہ رکھا اور طلباء و طالبات کو درپیش مسائل و مشکلات سے نبرد آزما ہونے کی حکمت عملی بیان کی۔ افتتاحی کلمات ادا کرنے کےلئے شعبہ ریاضی کے کورس کوآرڈینٹر ڈاکٹر صداقت حسین مدعو تھے۔ اُنہوں نے قواعد و ضوابط سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر صداقت حسین نے طلباء وطالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جامعہ میں نظم و ضبط کی پیروی ایک لازم اَمر ہے، آپ چونکہ نووارد کی حیثیت سے یہاں تشریف لائے ہیں تو آپ کا فرض ہے کہ آپ بلتستا ن یونیورسٹی کے قواعد و ضوابط کی پیروی کریں اور شعبہ جاتی فرائض کی ادائیگی کےلئے خود کو چوکنا رکھیں۔ اُنہوں نے سمسٹر رولز، کلاسز کے معاملات اور امتحانی طریقہ کار کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت کی۔ دوسری جانب صدر شعبہ ریاضی ڈاکٹر ذاکر حسین قمرؔ نے اپنی مختصر سی گفتگو میں نئے طلباء و طالبات کو بلتستان یونیورسٹی میں خوش آمدید کہا اور اُنہیں شعبہ ریاضی کے ترجیحی انتخاب پر مبارک باد پیش کی۔ ڈاکٹر ذاکر حسین قمرؔ نے کہا کہ بلتستان یونیورسٹی شعبہ ریاضی اپنے قیام سے لے کر اب تک بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہے اوردیگر شعبہ جات کےلئے رہنماء اُصول کے طور پر اپنی شناخت بنارہا ہے۔ آپ خوش نصیب ہیں کہ آپ نے ایک بہترین شعبۂ تعلیم کا انتخاب کیا ہے۔تقریب کے اختتام پر تعارفی نشست کے منتظم ڈاکٹر محمد یونس نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کامیاب نشست کے انعقاد پر طلباء و طالبات اور شعبہ ریاضی کے اساتذہ کرام کو مبارک باد پیش کی۔ تعارفی نشست میں نو وارد ریسرچ فیلو ڈاکٹر شمشاد علی بھی موجود تھے۔
urdu news, Baltistan University conduct introduction session in math department