بلتستان یونیورسٹی سینیٹ کا ساتواں اجلاس، اہم فیصلے کئے گئے، بلتستان یونیورسٹی کا بجٹ 2023، 24 اتفاق رائے سے منظور
بلتستان یونیورسٹی سینیٹ کا ساتواں اجلاس، اہم فیصلے کئے گئے، بلتستان یونیورسٹی کا بجٹ 2023، 24 اتفاق رائے سے منظور
رپورٹ عابد شگری 5 سی این نیوز
دونوں کلیات کے ڈینز کی پروگریس رپورٹ اجلاس میں پیش، ممبران نے اقدامات کے جائزے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا
ڈاکٹر شبیر احمد نیازی ؔ مین آف امیننز بنادیئے گئے،ایڈووکیٹ محمد یاسین بلتستانی سلیکشن بورڈ کے قانونی معاملات کے ممبر منتخب
سینیٹ اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی نمائندگی قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز اختر نے کی
سکردو(5 سی این نیوز) بلتستان یونیورسٹی سینیٹ کا ساتواں اجلاس چیئرپرسن بتول قریشی کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی نمائندگی قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز اختر نے کی، کشمیر افیئرز کی طرف سے ڈپٹی سیکریٹری ساجد موجود تھے جبکہ جامشورو یونیورسٹی سندھ کے پروفیسر ڈاکٹر نعیم طارق نریجو اور مس یاسمین کریم بھی بطور ممبر اجلاس میں موجود تھی۔بلتستان یونیورسٹی کے مالی معاملات کے حوالے سے آگاہ کرنے کےلئے جامعہ ہذا کے ٹریژر محمد اقبال اور ریذیڈنٹ ایڈیٹر لیاقت علی خان کوآپٹڈ (co-opted) ممبرکے طور پر رکھا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ڈپٹی سیکریٹری ایجوکیشن گلگت بلتستان عبد الباقر ،چیئرمین الیکشن کمیشن گلگت بلتستان راجہ شہبازاپنے اپنے اداروں کے نمائندے کی حیثیت سے موجود تھے۔بعض ممبران نے اسلام آباد سے اور بعض نے اپنی ملازمت کے مقامات سے آن لائن مذکورہ میٹنگ میں شرکت کی۔ نیسٹ یونیورسٹی اسلام آباد کے پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال بھی میٹنگ کا حصہ تھے۔ وائس چانسلر بلتستان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان اسلام آباد سے آن لائن شریک تھے۔ جبکہ سکردو سے بنفسِ نفیس میٹنگ میں شرکت کرنے والوں میں پروفیسر ڈاکٹر عبدالمتین، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر نصرت حسین، لیکچرار دوستدار حسین، نذیر احمد، اور محمد حسن حسرت شامل تھے۔ قانونی اُمور کی دیکھ بھال کےلئے محمد یاسین بلتستانی کوآپٹڈ(co-opted )ممبرکے طور پر اجلاس میں موجود تھے۔ اجلاس میں رجسٹرار بلتستان یونیورسٹی وسیم اللہ جان ملکؔ نے سیکرٹری کی حیثیت سے شرکت کی۔ اجلاس میں دور رس نتائج کے فیصلے کیے گئے ۔ سینیٹ اجلاس میں بلتستان یونیورسٹی کا بجٹ 2023، 24 اتفاق رائے سے منظور ہوا۔ اجلاس میں سلیکشن بورڈ کے نئے ممبران کا بھی انتخاب کیا گیا، جبکہ ایڈووکیٹ محمد یاسین بلتستانی سلیکشن بورڈ قانونی معاملات کے ممبر تعینات ہوگئے۔ سینیٹ ممبران نے متفقہ طور پر مین آف امیننز (Man of eminence) کےلئے قائد اعظم یونیورسٹی اسلام کے پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد نیازیؔ کے نام کی منظوری دی۔ اجلاس میں سینیٹ کی طرف سے سلیکشن بورڈ کےلئے پروفیسر ڈاکٹر طارق ناریجو اور مس یاسمین کی منظوری دی۔ جبکہ بلتستان یونیورسٹی کی اِنتظامی آسامیوں پر تعیناتی کےلئے قابلیت اور جانچ پڑتال کے اُمور بھی منظور کئے گئے۔اجلاس میں بلتستان یونیورسٹی کی دونوں کلیات (Faculties) کے ڈینز پروفیسر ڈاکٹر محمد اشفاق احمد شاہ اور پروفیسر ڈاکٹر عبدالمتین خان کی پروگریس رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ سینیٹ ممبران نے دونوں ڈینز کے فنڈڈ پروجیکٹس کو باریکی سے دیکھا، ریسرچ گرانٹ کے حوالے سے جانچ پڑتال کی، نصاب کی ترمیم، ڈین شپ کے دوران اساتذہ کی سہولیات کےلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا اور تحقیقی مقالات جات کی نگرانی کے حوالے سے بھی غورو خوص کیا گیا۔ دونوں ڈینز پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد شاہ ،اور پروفیسر ڈاکٹر عبدالمتین کی ڈھائی سالہ کارکردگی کی بنیاد پر تمام تر اقدامات کا جائزہ لینے کے بعد سینٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔