**بیجنگ: چین اور بھارت کے سرحدی تنازعے میں نئی پیش رفت، لداخ میں کشیدگی بڑھنے کا خدشہ**
بیجنگ: چین اور بھارت کے سرحدی تنازعے میں نئی پیش رفت، لداخ میں کشیدگی بڑھنے کا خدشہ
رپورٹ، 5 سی این نیوز
چین نے لداخ کے متنازع علاقے میں نئی سرحدی انتظامیہ قائم کر کے بھارت کو سفارتی سطح پر پریشان کر دیا ہے۔ چین نے ہوتان پریفیکچر میں دو نئی کاؤنٹیز کے قیام کا اعلان کیا ہے جس میں لداخ کے کچھ علاقے بھی شامل کیے گئے ہیں۔ اس اقدام پر بھارت نے سخت ردعمل دیتے ہوئے بیجنگ کے خلاف باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جسوال کا کہنا ہے کہ نئی چینی کاؤنٹیز کے کچھ علاقے لداخ میں شامل ہیں، جس پر بھارت اپنی خودمختاری کا دعویٰ کرتا ہے۔ تاہم چین کی حکومت کا موقف ہے کہ یہ علاقے تاریخی طور پر اس کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں اور وہاں انتظامی تبدیلیاں اس کا اندرونی معاملہ ہیں۔
چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق نئی قائم کی گئی ہیان کاؤنٹی اور ہیکانگ کاؤنٹی کے دفاتر بالترتیب ہونگلیو اور زیڈولا ٹاؤن شپ میں قائم کیے گئے ہیں۔ ان علاقوں میں اکسائی چن کا بڑا حصہ بھی شامل ہے جسے بھارت اپنا علاقہ تصور کرتا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دونوں ممالک نے سرحدی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کا سلسلہ بحال کیا تھا۔ دسمبر 2024 میں چینی دفاعی ترجمان نے بیان دیا تھا کہ “سرحدی علاقوں میں امن کے لیے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا”، تاہم حالیہ اعلان نے اس معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق چین کے اس اقدام سے بھارت کے لیے سرحدی معاملات میں نئی مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ چین کا یہ فیصلہ خطے میں اپنی طاقت کو مستحکم کرنے کے لیے کیا گیا ہے اور اس سے بھارت کے لیے سفارتی اور عسکری چیلنجز بڑھ جائیں گے۔
واضح رہے کہ 2020 میں لداخ کے علاقے میں دونوں ممالک کی فوجوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی تھیں جن میں متعدد بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔ اس واقعے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان سرحدی کشیدگی مسلسل برقرار ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے احتجاج خطے میں اس کی بالادستی کے خواب کو لگنے والے دھچکے کا ردعمل ہے، جبکہ چین اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گا۔
URDU NEWS
برٹش جونیئر اوپن اسکواش – پاکستان کے سہیل عدنان سیمی فائنل میں پہنچ گئے