لاہور میں فضائی آلودگی کے خلاف گرین لاک ڈاؤن، شملہ پہاڑی سمیت مختلف علاقوں میں پابندیاں نافذ
لاہور میں فضائی آلودگی کے خلاف گرین لاک ڈاؤن، شملہ پہاڑی سمیت مختلف علاقوں میں پابندیاں نافذ
رپورٹ، 5 سی این نیوز
لاہور میں فضائی آلودگی کے خلاف گرین لاک ڈاؤن، شملہ پہاڑی سمیت مختلف علاقوں میں پابندیاں نافذ. لاہور کے علاقے شملہ پہاڑی اور اس کے گردونواح میں فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے گرین لاک ڈاؤن کے تحت سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ یہ پابندیاں 4 نومبر تک نافذ رہیں گی، جن کے تحت ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کرنے والی سرگرمیوں پر مکمل روک لگا دی گئی ہے۔
گرین لاک ڈاؤن کے تحت چنگ چی رکشوں اور دھواں چھوڑنے والی کمرشل گاڑیوں کا داخلہ شملہ پہاڑی، ایبٹ روڈ، ایجرٹن روڈ، ایمپریس روڈ، ڈیورنڈ روڈ اور ڈیوس روڈ پر بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ نادرا آفس اور شاہین کمپلیکس کے باہر پارکنگ کو دیگر جگہوں پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
علاقے میں ٹریفک وارڈنز بیریئرز لگا کر خصوصی ڈیوٹی پر موجود ہیں جبکہ کھلی جگہوں پر پانی کا چھڑکاؤ جاری ہے تاکہ گرد و غبار اور آلودگی کو کم کیا جا سکے۔ محکمہ ماحولیات کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ان علاقوں میں تعمیراتی سرگرمیوں، کمرشل جنریٹرز اور اوپن باربی کیو پر بھی سخت پابندی عائد کی گئی ہے۔
فضائی آلودگی انڈیکس کے مطابق شملہ پہاڑی کے علاقے میں آلودگی کی سطح 300 تک پہنچ چکی ہے، جس پر قابو پانے کے لیے یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
urdu-news-477