آج وہ چاند نمودار ہو گیا، حامد حسین شگری
آج وہ چاند نمودار ہو گیا، حامد حسین شگری
آج وہ چاند نمودار ہو گیا جس نے آنکھ کھولتے ہی سب سے پہلے رخ مصطفیﷺ کو دیکھا،جس کو کائنات نے شیر خدا،داماد رسول اکرم ﷺ،سرداران جنت کے بابا،خاتون جنت کے ہم سفر،حیدر کرار،مولا مشکل کشا،مولا علی کرم وجھہ اللہ کرم کے نام سے پہچانا،شہنشاہ روحانیت،علم کا روشن دروازہ،ہدایت کا منبی،عدل کو جس سے پہچان ملی،انصاف نے جس سے پنبنا سیکھا،جس نے قیامت تک کے لیے ایک فرمان کے ذریعے دریا عدل کو کوزے میں سمو دیا کہ ”کفر کا نظام چل سکتا ہے لیکن ظلم کا نظام نہیں چل سکتا،حضرت محمد ﷺ کا پہلا ساتھی جو پیغمبر اکرم کے ہر حکم کو سر تسلیم خم بجا لایا،توحید کا علم بردار بن کر زندگی بھر ظلم کے خلاف نبرد آزما رہے،نہج البلاغہ جیسی لا فانی کتاب لکھ کر آنے والی نسلوں کے لیے زندگی کے ہر معاملات میں آسانی فراہم کردی،جس میں 239 خطبے ،79 مکتوبات اور 900 سے زیادہ فرمودات سے دوستان اسلام کے لیے دین اور اصول زندگی کے تمام حقائق سے آشنا کروایا ۔
اپنی زندگی اسلام کے لیے واقف کردی، اسلام کی خاطر بہت سی جنگیں لڑی جس میں خاص طور سے جنگ بدر ،جنگ احد ،جنگ احزاب،جنگ جمل،جنگ نہروان،جنگ صفین قابل ذکر ہیں۔ہمیشہ دوسروں کی خدمت اور مدد کرتے رہے،دوران خلیفہ بھی فقیرانہ زندگی بسر کی،دنیا و ما فہھا سے بے نیاز رہے ۔بت شکنی کو اپنا شیوہ بنایا ۔۔اپنے خون سے توحید کی تحریر رقم کر دی۔توحید کے متعلق آپ کا فرمان ہے۔
”با برکت ہے وہ خدا کہ جس کی ذات تک بلند پرواز ہمتوں کی رساٸی نہیں اور نہ عقل و فہم کی قواتیں اسے پا سکتی ہیں ۔ وہ ایسا اول ہے کہ جس کے لیے نہ کوئی نقطہ ابتدا ہے کہ وہ محدود ہو جائے اور نہ کوئی اس کا آخر ہے کہ وہاں پہنچ کر ختم ہو جائے۔“
اسی طرح حضرت محمد ﷺ اور قرآن کی فضیلت کے بارے میں آپ کا ارشاد ہیں۔
”اللہ نے آپ ﷺ کو اس وقت رسول بنا کر بھیجا جب کہ رسولوں کا سلسلہ رکا ہوا تھا اور امتیں مدت سے سو رہی تھیں اور دین کی مضبوط رسی کے بل کھل چکے تھے۔چنانچہ آپ ﷺ نے اللہ کی وہ کتاب لے کر آئے جو باقی کتابوں کی تصدیق کرنے والی تھی۔لہذا میں تمھیں اس کی طرف سے خبر دیتا ہوں کہ اس میں آئندہ کی معلومات،گزشتہ واقعات اور تمہاری بیماریوں کا چارہ اور تمھارے باہمی تعلقات کی شیرازہ بندی ہے ۔“
13 رجب المرجب 15 ستمبر 601عیسوی کو اللہ تعالی کے گھر میں تشریف لانے والی اس ذات کی حکمت،دانائی،اسلام دوستی ،توحید پرستی،مخلوق پروری ہمارے لیے مشعل راہ ہے اور آپ کے ہر کلام ہمارے لیے بے بہا سرمایہ ہے۔ہم صرف ایسے ولی اللہ کا سالگرہ پر اکتفا نہ کرے بلکہ ہمیں چاہیے کہ آپ کے فرمودات پر عمل کر کے اپنے ملک اور معاشرے کو برائی سے پاک کر کے خالص دینی امور کے مطابق اپنی زندگی بسر کرے۔اللہ تعالی ہم سب کو ان کے فرمودات پر عمل کرنے کی توفیق عطا کرے ۔۔۔امین
دودر محمد و آل محمد ﷺپر
column in urdu,13 rajab, imam ali birthday