سکردو کا معاشرتی ماحول، شبیر کمال
سکردو گلگت بلتستان کا ایک حسین و جمیل خطہ صرف اپنی دلکش وادیوں برف پوش پہاڑوں اور نیلگوں جھیلوں ہی کے لیے معروف نہیں بلکہ اپنے اعلیٰ معاشرتی اقدار مذہبی وابستگی اور ثقافتی روایات کے باعث بھی ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔ یہ شہر قدرتی حسن اور انسانی حسنِ سلوک کا حسین امتزاج پیش کرتا ہے۔
سکردو کا معاشرہ سادگی اخوت اور باہمی احترام پر قائم ہے۔ یہاں کے لوگ نہایت مذہبی مہمان نواز اور نرم خو ہیں۔ مہمان کو عزت دینا اور اس کی خدمت کرنا ان کی قدیم روایت ہے جو نسل در نسل منتقل ہوتی آرہی ہے۔ اس خطے میں رہنے والے افراد ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک رہتے ہیں جس سے معاشرتی ہم آہنگی اور بھائی چارہ مضبوط ہوتا ہے۔
مذہبی اعتبار سے سکردو کی فضا روحانیت سے سرشار ہے۔ یہاں کی اکثریت اہلِ تشیع پر مشتمل ہے اس لیے محرم الحرام جشنِ میلاد النبی ﷺ شب ہائے قدر اور دیگر دینی ایام نہایت عقیدت اور احترام سے منائے جاتے ہیں۔
یہ مذہبی اجتماعات نہ صرف روحانی تربیت کا ذریعہ بنتے ہیں بلکہ معاشرتی اتحاد و یکجہتی کو بھی فروغ دیتے ہیں۔
ثقافتی لحاظ سے سکردو ایک قدیم تہذیب کا امین ہے۔ بلتی زبان، روایتی لباس، لوک موسیقی اور قدیم رسومات یہاں کی شناخت ہیں۔ بزرگوں کا احترام، خاندانی نظام کی مضبوطی اور اجتماعی فیصلوں کی روایت اس معاشرے کی بنیادی خصوصیات میں شامل ہیں۔ شادی بیاہ، عیدین اور دیگر تقریبات میں ثقافتی رنگ جھلکتا ہے جو اس خطے کے لوگوں کی اپنی تہذیب سے محبت کا ثبوت ہے۔
تعلیم اور شعور کے میدان میں بھی سکردو ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ یہاں کے نوجوان نہ صرف عصری علوم میں دلچسپی رکھتے ہیں بلکہ دینی تعلیم کو بھی اہمیت دیتے ہیں۔
خواتین کی تعلیم اور معاشرتی کردار میں اضافہ ایک مثبت تبدیلی کی علامت ہے۔
سکردو کا معاشرتی ماحول امن، محبت، سادگی اور مذہبی و ثقافتی ہم آہنگی کا بہترین نمونہ ہے۔ یہ خطہ اپنی روایات اور اقدار کے ذریعے نہ صرف گلگت بلتستان بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک مثال کی حیثیت رکھتا ہے۔
غزہ بورڈ آف پیس میں پاکستان کی شمولیت، جی ایم ایڈوکیٹ
سندھ حکومت کا سانحہ گل پلاز ہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی خاندان ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان




