محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کی جدوجہد کی ایک عظیم اور روشن مثال ہے، ر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع شگر کے ترجمان وجاہت علی ایڈووکیٹ
رپورٹ، 5 سی این نیوز
شگر شہیدِ جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع شگر کے ترجمان وجاہت علی ایڈووکیٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کی جدوجہد کی ایک عظیم اور روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ نے آمریت کے خلاف اصولی اور طویل جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، جسے قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ وجاہت علی ایڈووکیٹ نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کا مشن عوام کو بااختیار بنانا، غریب اور پسے ہوئے طبقات کے حقوق کا تحفظ، خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنا اور ملک میں حقیقی جمہوری اقدار کو فروغ دینا تھا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ نے ہمیشہ آئین، پارلیمنٹ اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھا اور عوامی طاقت کو ہی اصل قوت قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی شہید محترمہ کے نظریے، فلسفے اور عوام دوست پالیسیوں کی امین ہے اور پارٹی قیادت اور کارکنان اسی مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے عوام کی بلاامتیاز خدمت میں مصروف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہر دور میں آمریت، انتہاپسندی اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کرتی رہی ہے۔ وجاہت علی ایڈووکیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے افکار و نظریات پر عمل کرتے ہوئے ان کے خوابوں کو عملی جامہ پہنائے گی اور ملک میں ایک جمہوری، پرامن اور خوشحال پاکستان کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
urdu news update, Benazir Bhutto’s Martyrdom




