پاکستان تحریکِ انصاف شگر، گلگت بلتستان میں متوقع انتخابات کے حوالے سے پارٹی کے صوبائی صدر خالد خورشید اور جنرل سیکریٹری وزیر سلیم سے مسلسل رابطے میں ہے صدر حسن شگری ایڈووکیٹ
شگر پاکستان تحریکِ انصاف شگر کے صدر حسن شگری ایڈووکیٹ نے ایک اہم اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف شگر، گلگت بلتستان میں متوقع انتخابات کے حوالے سے پارٹی کے صوبائی صدر خالد خورشید اور جنرل سیکریٹری وزیر سلیم سے مسلسل رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے گلگت بلتستان میں 24 جنوری کو انتخابات کے انعقاد کا اعلان دراصل قبل از انتخابات دھاندلی (پری پول رگنگ) کا حصہ ہے، جس کا مقصد انتخابات کو غیر ضروری تاخیر کا شکار بنانا ہے۔ ان کے مطابق موجودہ اعلان کردہ تاریخ پر عملدرآمد ممکن نہیں، تاہم بعد ازاں تاخیر کی ذمہ داری سیاسی جماعتوں پر ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ حسن شگری ایڈووکیٹ نے واضح کیا کہ اگرچہ اعلان کردہ تاریخ غیر مناسب ہے، تاہم پارٹی قیادت سے نومینشن فارم کی وصولی اور جمع کرانے کی اجازت حاصل کر لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس (APC) کے بعد جو اعلامیہ جاری ہوگا، اس کے بعد پاکستان تحریکِ انصاف نہ صرف شگر بلکہ پورے گلگت بلتستان میں سیاسی طور پر سرپرائز دے گی۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ قوی امکان ہے کہ اے پی سی کے بعد الیکشن کمیشن تمام تر تاخیر کی ذمہ داری سیاسی جماعتوں پر ڈال کر انتخابات کو ملتوی کر دے، تاہم اگر ایسا نہ ہوا تو پاکستان تحریکِ انصاف شگر 22 دسمبر سے قبل نومینشن فارم حاصل کرے گی اور مقررہ وقت پر جمع بھی کرائے گی۔حسن شگری ایڈووکیٹ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ چاہے الیکشن 24 جنوری کو ہوں یا قیامت کی 3 تاریخ کو، پاکستان تحریکِ انصاف شگر بھرپور حصہ لے گی۔ انہوں نے کارکنان اور سپورٹرز سے اپیل کی کہ کسی بھی قسم کی افواہوں پر کان نہ دھریں اور عمران خان اور ان کے نظریے کے ساتھ مضبوطی سے جڑے رہیں۔ اعلامیے کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف ایک عوامی جماعت ہے اور عوام ہی ان عناصر سے سخت سیاسی حساب لیں گے جنہوں نے ذاتی مفادات کی خاطر نظریے سے انحراف کیا۔ ان شاء اللہ، فتح صرف اور صرف انصاف کی ہوگی۔
urdu news update, pti gilgit baltistan news
نسالو فیسٹول اور پاکستان ، یاسر دانیال صابری




