شگر مجلس وحدت المسلمین شگر کا آنے والے الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان، سعید شگری مجلس وحدت المسلمین شگر کی جانب سے امیدوار ہوں گے. مجلس وحدت المسلمین شگر
شگر مجلس وحدت المسلمین شگر کا آنے والے الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان، سعید شگری مجلس وحدت المسلمین شگر کی جانب سے امیدوار ہوں گے۔ شگر میں پریس کانفرنس سے صدر شیخ کاظم زاکری، شیخ اشرف شگری اور امیدوار سعید شگری نے خطاب کیا۔ انہوں نے اسلام آباد میں اپنے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری پر کیے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اختلافِ رائے کو دبانے کے لیے جبر و تشدد کسی صورت قابلِ قبول نہیں اور یہ عمل جمہوری اقدار اور آئینی حقوق کے منافی ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ مجلس وحدت المسلمین عوام کی خدمت اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے سیاست میں آئی ہے اور جماعت کا مقصد انتقامی سیاست کا خاتمہ کر کے خدمت، برداشت اور اصولوں پر مبنی سیاست کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ عوامی حقوق کے لیے اگر کسی جماعت نے قربانیاں دی ہیں تو وہ مجلس وحدت المسلمین ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مجلس وحدت المسلمین جس طرح وفاق میں آئین کی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے، اسی طرح گلگت بلتستان کے عوامی اور آئینی حقوق کی جنگ بھی پوری قوت سے لڑی جائے گی۔ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے جائز سیاسی، آئینی اور معاشی حقوق سے محروم رکھنا کسی صورت قبول نہیں۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت المسلمین پاکستان کی سب سے مقبول اور عوامی سطح پر مستحکم جماعت ہے جو ملک میں جمہوریت، آئینی بالادستی اور عوامی حقوق کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔ پریس کانفرنس میں یہ بھی اعلان کیا گیا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایات پر مجلس وحدت المسلمین شگر آنے والے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ سابقہ انتخابات میں مسلم لیگ کو شکست دینے کے لیے دیگر سیاسی جماعتوں کی حمایت کی گئی تھی، تاہم سابق ادوار میں ہونے والی غلطیوں کو دوبارہ نہیں دہرایا جائے گا۔ رہنماؤں نے واضح کیا کہ مجلس وحدت المسلمین کسی بھی امیدوار کے حق میں دستبردار نہیں ہوگی اور سعید شگری جماعت کی جانب سے آئندہ انتخابات میں امیدوار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدوار راجہ اعظم خان کی حمایت کی گئی تھی، مگر وہ اپنے وعدوں اور پارٹی پالیسیوں سے ہٹ گئے، اس لیے آئندہ ان کی ہرگز حمایت نہیں کی جائے گی۔ آخر میں رہنماؤں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سمیت تمام سیاسی قائدین کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے اور آئین و جمہوریت کی بالادستی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ ساتھ ہی عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ خدمت اور حقوق کی سیاست کے لیے مجلس وحدت المسلمین اور اس کے امیدوار کی بھرپور حمایت کریں۔
عورت کی ہمت اور برداشت اللہ کی طرف سے عظیم نعمت، ایس ایم مرموی
urdu news update, mwm Participate Upcoming Elections 2026




